‘ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کیلئے پیسے حکومت پاکستان نے از خود ادا کئے’

وزیرخارجہ خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لئے پیسے بھی حکومت پاکستان نے از خود ادا کئے اور اگر کوئی اس کیس کی تحقیقات چاہتا ہے تو پارلیمنٹ تحقیقات کرے۔
سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس پر صرف پوائنٹ اسکورنگ کے لئے بات کرنےکا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، پارلیمنٹ دیکھنے کی کوشش کرےکہ کیسے قومی وقار، عزت، غیرت کا سمجھوتا کیا گیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کیس سے متعلق پبلک یا ان کیمرا تحقیقات کریں تو فائدہ ہوگا، پارلیمنٹ ریمنڈ ڈیوس کیس کی تحقیقات کا حکم دے میں آپ کی آواز میں آواز ملاؤں گا۔
وزیر خارجہ نے انکشاف کیا کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لیے پیسے بھی حکومت پاکستان نے ازخود ادا کیے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی جاسوس کی رہائی میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے یا بیرون ملک سمجھوتے پورےکرنے کے لئے کردار ادا کیا ہوگا تاہم دیکھنا ہوگا کہ یہ مفاد انفرادی تھا یا ادارے کا مفاد تھا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ میرا خیال نہیں کہ کسی ادارے کا مفاد ریمنڈ ڈیوس کی رہائی سے منسلک تھا تاہم ذاتی مفاد منسلک ہوسکتے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کون اس حد تک جانا چاہتا تھا، سمجھتے ہیں اس کی تحقیقات ہونی چاہیں تو ضرور کی جائیں اور کوئی ریمنڈ ڈیوس کیس کی تحقیقات چاہتا ہے تو پارلیمنٹ تحقیقات کرے۔
خواجہ آصف نے اس موقع پر شعر بھی پڑھا اور جواب دیا کہ اگر سمجھتے ہیں کہ یاد ماضی عذاب ہے یا رب، چھین لے مجھ سے حافظہ میرا، تو اِسے حافظے سے گم کردینا، تو اسے گم کردیں۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا

 کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ …