نیب نے فواد حسن فواد کو گرفتار کرلیا


لاہور:(میڈیا92نیوز) نیب نے فواد حسن فواد کو گرفتار کرلیا ہے.
قومی احتساب بیورو(نیب) نے وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
میڈیا92نیوز کے مطابق نیب نے سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو آشیانہ ہاؤسنگ اقبال کیس میں آج گیارہویں مرتبہ طلب کیا تھا جس پر وہ آج تیسری مرتبہ نیب لاہور کے سامنے پیش ہوئے۔
آشیانہ ہاؤسنگ کیس: احد چیمہ کو 90 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد جیل بھیج دیا گیا
نیب کے دفتر آمد کے موقع پر میڈیا نمائندوں نے فواد حسن فواد سے بات کرنےکی کوشش کی لیکن وہ کوئی بات کیے بغیر دفتر میں چلے گئے۔
ذرائع کے مطابق نیب حکام نے فواد حسن فواد سے آشیانہ ہاؤسنگ اقبال کیس میں سوالات کیے جس کے وہ مناسب جواب نہ دے سکے جس پر نیب نے انہیں گرفتار کرلیا۔
ذرائع نے فواد حسن فواد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے جب کہ ترجمان نیب نے اب تک اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔
ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ فواد حسن فواد کا بیان ریکارڈ کیا جارہا ہے لہٰذا ان کی گرفتاری کا فیصلہ چیئرمین نیب کریں گے۔
آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس
پنجاب حکومت نے مارچ 2013 میں کم آمدنی والے سرکاری ملازمین کو گھر فراہم کرنے کے لیے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم بنانے کا منصوبہ بنایا تھا جس کے تحت 6400 گھر تعمیر کیے جانے تھے۔
پنجاب حکومت نے اس سلسلے میں 3 ہزار کنال اراضی مختص کی تھی جس میں سے ایک ہزار کنال ڈیولپرز کو دی گئی تھی تاکہ ملازمین کے لیے گھر بنائے جاسکیں۔
فواد حسن فواد اس وقت پنجاب میں سیکریٹری عملدرآمد کمیشن تھے اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹھیکہ لینے والی لطیف اینڈ سنز کمپنی کو دباؤ میں لاکر اپنی پسندیدہ کمپنی کاسا ڈیولپرز کو اس کا ٹھیکہ دیا تھا، اس وقت فواد حسن فواد کے خلاف ان الزامات پر تحقیقات شروع کی گئی۔
فواد حسن فواد کا اس کے بعد وفاق میں تبادلہ کردیا گیا اور وہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے پرنسپل سیکریٹری رہے جب کہ ان دنوں ڈی جی سول سروسز اکیڈمی ہیں۔
واضح رہے کہ نیب نے اسی کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو بھی گرفتار کررکھا ہے جو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

عام انٹرنیٹ سے 45 لاکھ گُنا تیز انٹرنیٹ

برمنگھم: سائنس دانوں نے انٹرنیٹ اسپیڈ کا نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے جو موجودہ براڈ …