جاپانی ٹیم فٹبال ورلڈکپ ہار کر دل جیت گئی

روس: (سپورٹس ڈیسک/میڈیا92نیوز) جاپانی ٹیم فٹبال ورلڈکپ ہار گئی لیکن لوگوں کے دل جیت گئی .
جاپانی قوم کے اخلاق، عادات و اطوار اور اصول و قواعد کی پابندی کے چرچے تو اکثر ہی ہوتے رہتے ہیں اور اب ان کی صفائی پسندی نے بھی لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔

روس میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ 2018 میں جاپانی ٹیم کی کارکردگی بدقسمتی سے اچھی نہ رہی اور وہ پیر (2 جولائی) کے روز بیلجیئم کے خلاف میچ ہار کر باہر ہوگئی۔
اس کے باوجود بھی جاپانی ٹیم نے دنیا بھر میں موجود فٹ بال کے مداحوں کے دل جیت لیے اور اس کی وجہ ان کا کھیل نہیں بلکہ صفائی پسندی ہے۔
جی ہاں، جاپانی فٹ بال ٹیم نے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد جب واپسی کے لیے سامان باندھا تو ڈریسنگ روم کو بالکل شیشے کی طرح سے چمکا دیا۔
اور تو اور کھلاڑیوں نے لاکر روم میں ایک نوٹ بھی چھوڑا، جس پر روسی زبان میں درج تھا ‘спасибо’ یعنی ‘شکریہ’۔
جاپانی ٹیم کے اس عمل کو سوشل میڈیا پر لوگوں نے خوب سراہا اور دوسری ٹیموں سے بھی ایسی ہی صفائی پسندی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب بیلجیئم کے خلاف میچ میں شکست کے نتیجے میں ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد جاپانی کھلاڑیوں نے اسٹیڈیم میں سر جھکا کر اپنے سپورٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

اس سے قبل ورلڈ کپ کے دوران جاپانی مداحوں نے اسٹیڈیم کی صفائی کرکے بھی سوشل میڈیا پر کروڑوں افراد کی توجہ حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں

کراچی میں گاڑیوں کے ڈیلر کے گھر چھاپے میں تکیوں سے کتنی غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی؟

میڈیا 92 نیوزڈسک کراچی: حساس اداروں نے پی ای سی ایچ سوسائٹی میں مشترکہ آپریشن …