ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے بعد نواز شریف سے اختلافات بتاؤں گا، چوہدری نثار

ٹیکسلا(نیٹ نیوز/میڈیا92نیوز) سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے بعد وہ اپنے اور ان کے اختلافات قوم کے سامنے رکھیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت نے نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو 6 جولائی بروز جمعہ سنایا جائے گا۔شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ 6 جولائی کو سنایا جائے گا۔ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو میں چوہدری نثار نے کہا، ‘پرسوں فیصلہ ہو جائے، پھر سب کچھ بتاؤں گا’۔سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایک مرتبہ پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ ‘اداروں سے تصادم نہ کرنے کے بیان پر میاں صاحب کو دکھ ہوا؟کیا میں نے غلط کہا؟’انہوں نے کہا کہ ‘ن لیگ میں بہت خوفناک باتیں ہوتی رہیں، میں ردعمل دینا چاہتا تھا، لیکن مجھے اجلاسوں میں بلانا بند کر دیا گیا، اس لیے میرا موقف سامنے نہیں آ سکا’۔میں نے نہیں نواز شریف نے میرے ساتھ دشمنی کی: چوہدری نثار۔انہوں نے گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے دیئے گئے ممبئی حملہ کیس سے متعلق متنازع بیان کو بھی ملکی سلامتی کے خلاف قرار دیا۔سابق وزیر داخلہ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ‘ن لیگ کو کون چلا رہا ہے، پارٹی صدر کون ہے،کارکن تذبذب کا شکار ہیں’۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘ایک پارٹی کا صدر کہتا ہے کہ اداروں سے ٹکراؤ پارٹی کا موقف نہیں، اگر یہ پارٹی کا موقف نہیں تو یہ گمنام ترجمان کون ہے؟’اپنی انتخابی مہم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اس بار 4 حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور انہیں بہت اچھا رسپانس مل رہا ہے۔این اے 59 راولپنڈی سے اپنے مدمقابل لیگی امیدوار قمر الاسلام کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ ‘اس واقعے کی سب سے پہلے میں نے مذمت کی تھی’۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘میرے حلقے میں جو بھی آجائے، مجھے اور حلقے کے عوام کو کوئی فرق نہیں پڑے گا’۔نواز شریف نے اپنے دیرینہ ساتھی چوہدری نثار سے راہیں جدا کرلیں۔خیال رہے کہ پاناما اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد سے نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان اختلافات بڑھے جو اب کافی شدت اختیار کر چکے ہیں اور چوہدری نثار برملا اس بات کا اظہار بھی کر چکے ہیں کہ ان کا اختلاف پارٹی سے نہیں بلکہ نواز شریف سے ہے۔یہی وجہ ہے کہ حالیہ عام انتخابات میں چوہدری نثار مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے بجائے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

پیکا ایکٹ کے تحت گرفتار صحافی خالد دو روزہ جسمانی ریمانڈ ایف آئی اے کے حوالے

میڈیا 92 نیوزڈسک اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے نجی چینل کے گرفتار صحافی خالد …