ہرارے (سپورٹس ڈیسک/میڈیا92نیوز) آسٹریلوی کپتان نے زمبابوے کے خلاف ورلڈ رکارڈ اننگز کھیل ڈالی.
تین قومی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایرون فنچ کی ورلڈ ریکارڈ اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے زمبابوے کو 100 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح کے ساتھ فائنل کی راہ ہموار کر لی۔ ایرون فنچ نے ٹی 20 کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنایا۔ میزبان ٹیم کے کپتان ہیملٹن مساکاڈزا نے کینگروز کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم ان کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا۔ آسٹریلیا نے 20 اوورز میں زمبابوے کو 230 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ ہوم ٹیم جواب میں مقررہ اوورز میں نو وکٹ پر 129رنز ہی بناسکی۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں ایرون فنچ نے ٹی 20انٹرنیشنل مقابلوں میں سب سے بڑے انفرادی اسکور کا اپنا ہی ریکارڈ توڑا اور 76گیندوں پر 172رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اس اننگز میں 16 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کی سب سے بڑی انفرادی اننگز 156 رنز ایرون فنچ کی ہی تھی جو انہوں نے 2013 میں انگلینڈ کے خلاف اسکور کی تھی۔ اب ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑی 3انفرادی اننگز کا اعزاز آسٹریلوی پلیئرز کے پاس آ گیا ہے، ایرون فنچ کی پہلی اور دوسری بڑی اننگز کے بعد گلین میکسویل ناقابل شکست 145 رنز کے ساتھ
تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریلوی کپتان کا ساتھ اوپنر ڈی آرسی شارٹ نے دیا جنھوں نے 46 رنز بنائے۔ ان دونوں کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 223 رنز کی شراکت ہوئی جو کہ ٹی 20 میں کسی بھی وکٹ کے لیے بہترین شراکت ہے۔ زمبابوے کے کپتان نے رنز کا بہاؤ روکنے کے لیے سات بولرز استعمال کیے لیکن ان میں سے کوئی بھی فنچ کو روکنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور وہ آخری اوور میں 172 رنز بنانے کے بعد ایک وائیڈ بال پر ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے۔230 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز بھی جارحانہ تھا اور اس کے اوپنرز نے چار اوورز میں 42 رنز بنائے۔ تاہم اس کے بعد بیٹسمین کوئی بڑی شراکت قائم نہ کر سکے۔ سولومون مائر نے 28 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کی طرف سےاینڈریو ٹائی نے 3، ایشٹن اگر نے 2 جب کہ رچرڈسن اور اسٹین لیک نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فنچ ٹورنامنٹ میں بولروں کے خلاف خطر ناک ثابت ہورہے ہیں انہوں نے پاکستان کے خلاف 33 گیندوں پر 68 رنز اسکور کیے تھے۔
