اسلام آباد(میڈیا پاکتان قومی اسمبلی اجلاس (national assembly)میں انتخابی اصلاحاتی ترمیمی بل کی منظوری کے موقع پر وفاقی وزرا اور حکمران جماعت کے ارکان اسمبلی کی عدم دلچسپی ، معاملے پر سید خورشید شاہ کا احتجاج۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی اجلاس میں انتخابی اصلاحات سے متعلق ترمیمی بل کی شق وار منظوری کے دوران وزیراعظم ، وزرا اور حکومتی ارکان اسمبلی میں موجود نہ تھے۔
ایوان میں ارکان اسمبلی کی عدم موجودگی پر خورشید شاہ نے سپیکر سے رولنگ مانگ لی ، خورشید شاہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کل کہا تھا کہ وزیراعظم ایوان میں موجود ہوں ، حکومت میں 53 وزیر ہیں ، ایوان میں پانچ وزرا کے علاوہ کوئی آتا ہی نہیں ، اس ایوان کو حکومت اہمیت نہیں دیتی۔
خورشید شاہ نے کہا کہ حکومتی ارکان سنجیدہ نہیں ہوئے تو ہم بھی ایوان سے واک آوٹ کریں گے ، ہمیں شرم آتی ہے ایوان کو خالی دیکھ کر ، خورشید شاہ نے سپیکر سے مطالبہ کیا کہ سپیکر بیک بینچرز کو اگلی نشستوں پر بیٹھنے کی رولنگ دیں ، ہم اپنے ارکان کو ہاتھ جوڑ کر یہاں لاتے ہیں۔
وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے خورشید شاہ کے موقف کو درست قرار دیتے ہوئے پچھلی نشستوں پر بیٹھے ارکان کو آگے آ کر بیٹھنے کا کہہ دیا جس کے بعد خواتین ارکان اسمبلی پہلی قطار میں وزراء کی نشستوں پر براجمان ہوگئیں۔
