اگر کوئی جماعت اے پی سی میں نہیں آرہی تو یہ ان کا حق ہے، فیصل سبزواری

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ اگر کوئی جماعت آل پارٹیز کانفرنس میں نہیں آرہی تو یہ ان کا حق ہے لیکن کسی فورم پر ضرور مل بیٹھیں گے۔
بیشتر سیاسی جماعتوں کی جانب سے ایم کیو ایم پاکستان کی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد فیصل سبزواری نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کی۔
فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہم نے ملکی مسائل پر بحث کی ایک سنجیدہ کوشش کی اور ایم کیو ایم پاکستان ملکی سالمیت کے خلاف سازشوں پر بات کرنا چاہتی ہے۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ ایک ایک سیاسی جماعت کے دفتر گئے، اگر کوئی جماعت اے پی سی میں نہیں آنا چاہتی تو یہ ان کا حق ہے تاہم سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے مختلف وفود نے سیاسی جماعتوں کے دفتر جاکر انہیں آج ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے وفود پاک سرزمین پارٹی اور ایم کیو ایم حقیقی کے دفتر بھی گئے جہاں سے انہیں مثبت جواب ملا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا

 کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ …