تازہ ترینکرکٹکھیل

اسکاٹ لینڈ نے پاکستانی ٹیم کو خبردار کردیا

ایڈنبرا:(سپورٹس ڈیسک/میڈیا92نیوز) اسکاٹ لینڈ نے پاکستان کیلیے خطرے کی گھنٹی بجادی، واحد ون ڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 6 رنز سے شکست دے دی۔

اسکاٹ لینڈ نے انگلینڈ کو واحد ون ڈے میں دلچسپ مقابلے میں 6 رنز سے شکست دے کر پاکستان کیلیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے جس سے اس نے منگل اور بدھ کو دو ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔

372 رنز ہدف کے تعاقب میں جونی بیئر اسٹو کے لاٹھی چارج کی بدولت انگلینڈکو پہلی وکٹ سے 129 رنز کی بنیاد نصیب ہوئی، اس دوران جیسن روئے 34 رنز بناکر مارک ویٹ کی گیند پر ان کا ہی کیچ بن گئے، دوسرے اینڈ پر موجود جونی بیئر اسٹو نے ہارڈ ہٹنگ کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے صرف 59 بالز کا سہارا لیتے ہوئے 105 رنز بنائے، انھیں برنگٹن نے مونسی کی مدد سے قابو کیا، اس دوران انھوں نے 6 چھکے اور 12 چوکے جڑے۔

جوئے روٹ 29 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے، کپتان ایون مورگن بھی صرف 20 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، وہ ایوانز کی گیند کی کوئیٹزر کا کیچ بنے، الیکس ہیلز نے برنگٹن کی گیند پر ایوانز کا کیچ بننے سے قبل 3 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 56 گیندوں پر 52 رنز بنائے، سام بلنگز (12) کو ویٹ نے کوئیٹزر کا کیچ بنایا، ڈیوڈ ویلی (7) ایوانز کا شکار بنے، کیچ کراس نے تھاما، معین علی 33 بالز پر 46 رنز بناکر لانگ آن پر مونسی کا کیچ بنے، کامیاب بولر ویٹ تھے۔

سیکنڈ لاسٹ اوور میں عادل (5) رن آئوٹ ہوئے، آخر میں مارک ووڈ (1)کو صفیان شریف نے ایل بی ڈبلیو کرکے انگلش اننگز کا 365 پر اختتام کردیا۔ اس سے قبل کالم میک لیوڈ کی شاندار ناقابل شکست سنچری نے اسکاٹ لینڈ کو 5 وکٹ پر ان کے ریکارڈ مجموعے 371 تک پہنچایا، اس سے قبل اسکاٹش سائیڈ کا 50 اوورز کی کرکٹ میں سب سے بڑا مجموعہ 9 وکٹ پر 341 رنز تھا جوکہ اس نے نان ٹیسٹ نیشن کینیڈا کے خلاف چار برس قبل کرائسٹ چرچ میں اسکور کیا تھا۔ ۔ میک لیوڈ 140 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔

ٹاس انگلش کپتان ایون مورگن نے جیت کر میزبان سائیڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے چھوٹے گرائونڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تیز کھیلنے کی کوشش کی مگر 15 اوورز میں 107 رنز کے دوران اس کی یکے بعد دیگر دو وکٹیں گرگئیں، اوپنرز میتھیو کراس اور کپتان کائیل کوئیٹزر نے ٹیم کو 103 رنز کا اسٹینڈ فراہم کیا تاہم عادل رشید نے کوئیٹزر کو 58 رنز پر وکٹ کیپر سام بلنگز کا کیچ بنوا کر اپنی ٹیم کو خوشی منانے کا موقع فراہم کیا، اگلے اوور میں لیام پلنکٹ نے بھی بلنگز کے ہی تعاون سے دوسرے اوپنر کراس کو 48 رنز پر میدان بدر کیا۔

اب وکٹ پر میک لیوڈ اور برنگٹن یکجا ہوئے، دونوں نے مجموعے کو 200 تک پہنچایا ہی تھا کہ پلنکٹ نے برنگٹن کو پویلین واپس بھیج دیا، جوئے روٹ کا کیچ بننے سے قبل انھوں نے 39 رنز بنائے، میک لیوڈ کے قدم نہیں ڈگمگائے بلکہ انھوں نے جارج مونسی کے ساتھ اسکور بورڈ کو متحرک رکھا، ان دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 107 رنز کی شراکت ہوئی، جس کا خاتمہ عادل رشید کے ہاتھوں ہوا، انھوں نے ووڈ کی مدد سے مونسی کو 55 رنز پر قابو کیا۔

آخری اوور میں مارک ووڈ نے ڈیلان بوج (11) کو بولڈ کرکے اسکاٹش ٹیم کی گرنے والی وکٹوں کی تعداد 5 کی تاہم میک لیوڈ کی کاوش کی بدولت میزبان سائیڈ 5 وکٹ پر ہی 371 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

29 سالہ میک لیوڈ نے سنچری 70 بالز پر مکمل کی، یہ ان کی ٹاپ لیول پر ساتویں ایک روزہ سنچری ہے تاہم کسی بھی متحرک ٹیسٹ نیشن کے خلاف انھوں نے پہلی بار تھری فیگر اننگز کا کارانہ انجام دیا ہے، یہ انگلینڈ کے خلاف بھی کسی اسکاٹش بیٹسمین کی پہلی سنچری شمار ہوئی ہے، مجموعی طور پر انھوں نے 94 بالز کا سامنا کیا جن میں سے 16 کو چوکے اور 3 کو چھکے کیلیے بائونڈری کے باہر بھیجا۔ عادل رشید اور لیام پلنکٹ نے 2،2 وکٹیں لیں۔

Back to top button