ماسکو ( میڈیا92نیوز ) کرسٹیانو رونالڈو، لیونل میسی، نیمار محمد صلاح، میسوت اوزل، پال پوگبا، گریزمین، ڈیوڈ سلوا، ہیمز روڈریگوئز جیسے کھلاڑی روس پہنچ گئے ہیں۔ ورلڈ کپ فٹ بال کا جنون عروج پر ہے۔ٹیموں کی روس آمد جاری ہے۔ دو روز بعد کھیلوں کا سب سے بڑا فیسٹول ماسکو میں میزبان روس اور سعودی عرب کے درمیان میچ سے شروع ہوجائے گا۔ دنیا بھر کی نظریں اپنے فیورٹ اسٹار اور ٹیموں پر لگی ہوئی ہیں۔ کرسٹیانو رونالڈو کی یورپی چیمپئن ٹیم پرتگال ، میسی کی ارجنٹینا، نیمار کی برازیل اور دفاعی چیمپئن جرمنی سب ہی ٹائٹل کیلئے فیورٹس میں شامل ہیں۔ مصر کی تمام ترامیدیں محمد صلاح سے وابستہ ہیں، تاہم ان کی شرکت اب تک غیریقینی ہے۔ مصری کھلاڑیوں نے روس پہنچ کر اتوار کو باقاعدہ پریکٹس کا آغاز کردیا لیکن صلاح نے پریکٹس میں شرکت نہیں کی، تاہم وہ میگا ایونٹ میں کھیلنے کیلئے پرعزم ہیں۔ رونالڈو نے البتہ ٹیم کے ساتھ ٹریننگ اور پریکٹس میں شرکت کی، انہیں دیکھ کر وہاں موجود درجنوں پرستاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پرتگالی ٹیم آئندہ جمعہ
کو سابق عالمی چیمپئن اسپین کے خلاف سوچی میں اپنی مہم شروع کرے گی۔ میگا ایونٹ میں ان کی امیدوں کا محور بلاشبہ رونالڈو ہی ہوں گے۔ عالمی نمبر دو اور پانچ بار کی چیمپئن برازیل کو اس بار بھی فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ اعدادو شمار میں بھی برازیل کے چانس کافی بہتر دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن برازیل کو 2014 عالمی کپ میں جرمنی کے ہاتھوں 7-1 سے عبرت ناک شکست کا زخم بھلانا ہوگا۔ اس کے حوصلہ افزا بات نیمار کی میدانوں میں واپسی ہے۔ انہوں نے خود کو ویسے تو 80 فیصد فٹ قرار دیا ہے لیکن وہ برازیل کے آخری وارم اپ میچ میں کروشیا کے خلاف بطور متبادل میدان میں اترے اور گول بھی داغا۔ 26سالہ نیمار اب ملک کیلئے 54 انٹرنیشنل گول اسکور کرچکے ہیں ۔ اتوار کو انہوں نے برازیل کی آسٹریا کے خلاف 3-0 کی فتح میں بھی گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ ان کے ساتھ کوٹنہو اور گبریئل جیسس نے بھی ایک ایک گول کیا۔ نیمار برازیل کیلئے ٹاپ اسکوررز روماریو، رونالڈو اور پیلے کے قریب ہیں۔ برازیلی ٹیم کا نیمار کے ساتھ کوٹنہو اور ایلیسن پر بھی کافی انحصٓار ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں فرانس کی ٹیم بھی کسی سے کم نہیں۔ اسے پال پوگبا، ایٹوئن گریزمین،ایمباپے اور ڈیمبلیلے جیسے اسٹارز کی خدمات حاصل ہیں۔ یہ پلیئرز اگر اپنی اہلیت کے مطابق کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوئے تو فرنچ سائیڈ کو روکنا بہت بڑا چیلنج ہوسکتا ہے۔ عالمی چیمپئن جرمنی انٹرنیشنل رینکنگ میں بھی نمبر ون ہے۔ اس کے پاس میسوت اوزل، جوشوا کیمیچ، لیون گورٹزکا جیسے نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی بھی موجود ہیں،منیجر جوکھیم لیوف اچھی جانتے ہیں کہ ان کی ٹیم کا راستہ روکنے کیلئے حریفوں نے زبردست حکمت عملی بنائی ہوگی۔ انہیں یہ بھی علم ہوگا کہ 1962 میں سوائے برازیل کے کوئی اور ٹیم آج تک ورلڈ کپ کا دفاع نہیں کرسکی ہےاس کی پیش نظر انہوں نے کھلاڑیوں کو پیغام دیا ہے کہ انہیں دوبارہ چیمپئن بننا ہے تو سپر ہیروز کی طرح کھیلنا ہوگا۔ اسپین کو بھی ٹورنامنٹ میں ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ 2014 ورلڈ کپ اور 2016 یورپین کپ میں ابتدائی مراحل سے باہر ہونے کے بعد اب ہسپانوی ٹیم سنبھل چکی ہے۔ اب اسپینش سائیڈ میں کئی نوجوان کھلاڑی آگئے ہیں۔ وہ کچھ کردکھانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ اور وارم اپ میچز میں اسپین نے شاندار کارکردگی پیش کرکے اپنے عزائم ظاہر کردیے ہیں۔ ڈیوڈ سلوا کی کارکردگی ورلڈ کپ میں اسپین کیلئے بہت اہم ہوگی، کوالیفائنگ رائونڈ میں پانچ گولز کرکے انہوں نے اپنی فارم کا ثبوت پیش کیا ہے۔ میسی کی ٹیم ارجنٹینا کو ماہرین کسی بھی طرح آسان نہیں لے رہے۔ 2014 کی فائنلسٹ ٹیم نے کوالیفائنگ رائونڈ میں بھی زیادہ متاثر کن کارکردگی نہیں دکھائی لیکن میسی کی موجودگی میں فارورڈ لائن بہت خطرنا ثابت ہوسکتی ہے۔ ارجنٹینا نے گذشتہ ہفتے اسرائیل کے خلاف اپنی وارم اپ میچ منسوخ کیا تھا۔
