ممبئی (ویب ڈیسک)بالی ووڈ اداکار پریانکا چوپڑا کو ناک کی غلط سرجری کرانے کی وجہ سے 7 فلموں سے ہاتھ دھونے پڑے۔حال ہی میں پریانکا چوپڑا کی زندگی پر لکھی جانے والی کتاب ’پریانکا چوپڑا: دی ڈارک ہارس ‘ میں کئی رازوں سے پردے اٹھائے گئے ہیں۔ پریانکا کے بالی ووڈ میں ڈیبو سے پہلے ہی کئی فلمیں ہاتھ سے نکل گئیں تھیں جس کی وجہ ناک کی سرجری تھی جب کہ سرجری کے باعث ناک کی ہڈی خراب ہوگئی ہے۔
خاتون صحافی بھارتھی ایس پرادھان کی تحریر کردہ کتاب کے مطابق پریانکا کو سب سے پہلے اداکار بوبی دیول کے مدمقابل فلم کا کردار ملا تھا اور اس فلم کو ہدایت کار مہیش منجیکر ڈائریکٹ کررہے تھے۔فلم کی شوٹنگ کے روز اداکارہ کے منیجر نے فلم کے پروڈیوسر وجے گلانی کو میک اپ روم میں پریانکا سے ملاقات کا کہا جس پر وہ روم میں گئے تو اداکارہ کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔کتاب میں پروڈیوسر نے لکھا ہے کہ میں اداکارہ کو دیکھ کر حیران رہ گیا تھا اور اداکارہ سے سوال کیا جس پر انہوں نے ناک کو ٹھیک ہونے کے لیے ایک ماہ کا وقت مانگا لیکن ایک ماہ بعد بھی ان کی ناک ٹھیک نہیں ہوسکی تھی جس پر فلم کو بند کردیا گیا۔
میک اپ آرٹس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب سرجری کی وجہ سے اداکارہ 7 سے 8 ماہ تک فلمی دنیا سے دور ہوگئی تھیں۔ اداکارہ کی بالی وڈ میں پہلی فلم ’ہیرو‘ تھی جس کے ہدایت کار انیل شرما سرجری کی وجہ سے ہی انہیں فلم سے نکالنے کی منصوبہ بندی کرچکے تھے لیکن منیجر کی درخواست پر انہیں کردار دیا گیا۔
یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا کا شمار بالی وڈ کی ان کامیاب ترین اداکارائوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اب ہالی ووڈ کو بھی اپنا مسکن بنالیا ہے جہاں وہ ٹی وی سیریز کے علاوہ فلموں کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں۔