روس نے فٹبال ورلڈکپ کے شائقین پر کون کون سی پابندیاں لگا دیں ؟جانیئے


ماسکو (میڈیا92نیوز ) روس جہاں دنیا بھر سے 10 لاکھ سے زائد غیرملکیوں کے استقبال کی راہ تک رہا ہے، ان کا قیام یادگار اور شاندار بنانے کے وعدے کیے جارہے ہیں وہیں مقامی باشندوں کے ساتھ ساتھ غیرملکی مہمانوں کو کئی پابندیوں میں بھی جکڑ دیا گیا ہے۔ تمام اقدامات ورلڈ کپ کے دوران حفظ ماتقدم کے طور پر کیے جارہے ہیں۔ سب سے زیادہ دلچسپ پابندی کھلے مقامات پر باربی کیو بنانے پر عائد کی گئی ہے۔ کوئلے پر بھنے کباب جنہیں مقامی زبان میں شاشلک کہا جاتا ہے، روسیوں کو بہت مرغوب ہیں لیکن کھلی فضا میں چنگاری اڑنے سے آتشزدگی کا خطرہ ہوسکتا ہے جس کے پیش نظر باربی کیو پارٹیز ممنوع قرار دی گئی ہیں۔ موسم گرما میں اس قسم کے واقعات میں کئی بار جنگلات میں آگ بھڑکی ہے۔ 14 جون سے 15 جولائی کے درمیان ورلڈ کپ کے دوران میزبان شہروں میں میچ سے ایک دن قبل ہی شراب کی فروخت بند کردی جائے گی۔ اس کا اطلاق فینز زونز، اسٹیڈیمز، ریلوے اسٹیشن اور پارکس و ان کے اطراف سختی سے کیا جائے گا۔ شراب نوشی کیلئے پولیس کی نگرانی میں مقامات مخصوص

کردیے جائینگے ۔ بے قابو ہوجانے والے لوگوں کو ہوش بحال ہونے تک وہیں ٹھہرایا جائے گا۔ میزبان شہر کلننگراڈ کے میئر نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ میگا ایونٹ کے دوران ان کے لیے بہتر ہوگا کہ دور کسی پرفضا مقام پر چھٹیاں گذارنے چلے جائیں ۔ صدارتی حکم نامے کے تحت ورلڈ کپ کے دوران ہر قسم کے احتجاجی مظاہروں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ عوامی مقامات پر ایسی تقریبات جن کا ورلڈ کپ سے براہ راست تعلق نہیں ، منسوخ کرنے کا حکم جاری کیا جاچکا ہے۔ کسی بھی جگہ 100 سے زیادہ افراد اکھٹے نہیں ہوسکیں گے۔ روسی شہریوں کے ساتھ ساتھ غیرملکیوں کیلیے ورلڈ کپ میچز کے میزبان شہروں میں پہنچتے ہی تین دن کے اندر پولیس اسٹیشن میں رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس مقصد کیلیے اپنی شناخت اور مذکورہ شہر میں رہائش کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ غیرملکیوں کو ہر بار نئے شہر میں اس عمل کو دہرانا ہوگا۔ ہوٹلز کے ساتھ نجی ریسٹ ہائوسز اور مکانات پر بھی یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ روسی حکام نے ملک بھر میں 41 مقامات کی نشاندہی کردی ہے جہاں ہر قسم کی پروازوں بند کردی گئی ہیں۔ فٹبال اسٹیڈیم کے 100 کلومیٹر کے اندر ڈرونز بھی نہیں اڑائے جاسکیں گے۔ اسپیشل فوجی اسکوارڈن الیکٹرانک جیمرز کے ساتھ حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔ ماسکو اور دیگر بڑے شہروں کے مخصوص مقامات پر ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں

کوئٹہ: اے این ایف کی بڑی کارروائی، سوا 2 ٹن منشیات پکڑ لی، 4 اسمگلرز گرفتار

میڈیا 92 نیوزڈسک اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) انٹیلی جنس نے کوئٹہ میں …