اسلام آباد(میڈیا 92 نیوز) روس میں فٹ بال ورلڈ کپ 2018 شروع ہونے میں صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے۔ 14 جون سے شروع ہونے والے آئندہ عالمی کپ میں حصہ لینے والے 200 کھلاڑی ایسے ہیں جو اس سے قبل بھی فٹبال ورلڈکپ کے میچز کھیل چکے ہیں۔
میڈیا 92 نیوز کی جانب سے جمع کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق میکسیکو کے ایک کھلاڑی ایسے بھی ہیں پانچویں بار عالمی فٹبال کپ میں شرکت کر رہے ہیں۔ میکسیکو کے انتالیس سالہ رافیل مارکیز نے پہلی بار دو ہزار دو کے ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا۔
ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے ٹیمیں روس پہنچنا شروع ہو گئی ہیں۔ اس بار 32 ٹیموں میں شامل 186 کھلاڑی ایسے ہیں جو برازیل میں منعقد ہونے والا گزشتہ عالمی کپ بھی کھیل چکے ہیں۔
آئندہ عالمی کپ کی ٹیموں میں شامل 61 کھلاڑیوں ایسے ہیں جنہوں نے 2010 اور 21 نے 2006 کے فٹبال ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا۔
مارکیز اور ارجنٹائن کے ماشرینو ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 16 میچ کھیل چکے ہیں۔ ارجنٹائن کے میسی نے 15 اور جرمنی کے اوزل نے 14 میچ کھیلے ہیں۔ جرمنی کے مولر، نائیر، اسپین کے راموس اور پرتگال کے رونالڈو نے 13 تیرہ میچوں میں حصہ لیا ہے۔
فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے متعلق کھلاڑی و شائقین ہی نہیں بلکہ ریاستی سربراہان بھی پوری طرح دلچسپی ظاہر کرتے نظر آتے ہیں۔ اسپین کے بادشاہ فلپ نے ٹیم کی روس روانگی سے پہلے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، اس موقع پر بادشاہ کو تحفے کے طور پر ان کے نام کی شرٹ دی گئی۔
حال ہی میں شادی کرنے والے شہزادے ولیم نے برطانیہ کی فٹ بال ٹیم سے ملاقات کی اور ٹیم کے ساتھ فوٹو شوٹ بھی کروایا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق پرنس ولیم نے کھلاڑیوں سے اچھے موڈ میں ہلکی پھلکی گپ شپ کی۔
پرتگال کے صدر مارسیلو ڈی سوزا نے بھی رونالڈو اور دیگر کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ پرتگال کے صدر نے کھلاڑیوں کے جذبے کی تعریف کی اور ان کی جیت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔