سپورٹس ڈیسک(میڈیا 92 نیوز) کے مطابق کھیل کے تیسرے روز انگلینڈ کے جوس بٹلر اور سیم کرن نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو مجموعی اسکور میں 17 رنز کے اضافے کے بعد سیم کرن پویلین لوٹ گئے۔
سیم کرن 20 رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ تھما بیٹھے جب کہ انگلش ٹیم کی نویں وکٹ بروڈ کی گری جو 2 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے۔
آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اینڈرسن تھے جنہیں حسن علی نے پویلین کی راہ دکھائی اور انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 363 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئی جب کہ انگلش ٹیم کو پاکستان پر پہلی اننگز میں 189 رنز کی سبقت حاصل ہے۔
انگلش ٹیم کی جانب سے جوس بٹلر 80، ڈومینک بیس 49 اور الیسٹر کک 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی نے 2،2 جب کہ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم شاداب خان کی نصف سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 174 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
