اہم ترین(میڈیا 92 نیوز سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ ابھی بھی الیکشن ملتوی کرانےپرتلےہوئےہیں۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر نواز شریف نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگوکررہے تھے، اس موقع پر بزرگ سیاستداں جاوید ہاشمی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ایک صحافی نے نواز شریف سےسوال کیا کہ ’’کیا الیکشن ملتوی ہو رہے ہیں؟‘‘
جس پر نواز شریف نے جواب دیا کہ کچھ لوگ ابھی بھی الیکشن ملتوی کرانے پر تلے ہوئے ہیں، ہر الیکشن میں اس طرح کے لوگ آ جاتے ہیں,الیکشن 25جولائی کو ہی ہوں گے ،یہ بڑا الیکشن ہے۔
انہوں نے واجد ضیاء کے ریکارڈ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیکھیں صندوق بھی آ گئے ہیں۔
صحافی نے میاں نواز شریف سے کہا کہ آج آپ بہت خوش لگ رہے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے، زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، زندگی اتار چڑھاؤ کا ہی نام ہے، انسان کو ہر حال میں خوش رہنا چاہیے،جس کا تکیہ اللہ پر ہو اسے اللہ خوش رکھتا ہے۔
صحافی نے ان سے سوال کیا کہ اگر الیکشن ملتوی ہوئے تو کیا آپ سڑکوں پر ہوں گے، جس پر نواز شریف نے جوا دیا کہ اس بات کا جواب جاوید ہاشمی صاحب دیں گے۔
ایک صحافی نے پوچھا کہ ’’کیا اس بار ن لیگ کو الیکشن کے لیے درخواستیں موصول نہیں ہو رہیں؟‘‘ جس پر نواز شریف نے کہا کہ آپ یہ کیا سوال کر رہے ہیں۔
اس سوال پر کہ ’’چوہدری نثار اب شہباز شریف کے بیان پر بھی ردعمل دے رہے ہیں ، آپ کیا کہیں گے؟‘‘نواز شریف نے خاموشی اختیار کی اور کوئی جواب نہیں دیا۔
نواز شریف نے صحافیوں کو ہدایت کی کہ لگتا ہے کہ جج صاحب آنے لگے ہیں اب آپ لوگ ان کی طرف متوجہ ہو جائیں۔