(میڈیا پاکستان): لیسکو محمود بوٹی سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں سرعام بجلی چوری ہونے لگی، بااثر شخصیات کی پشت پناہی کی وجہ سے لیسکو "نو گو ایریا” قرار دیتے ہوئے آپریشن کرنے سے گریزاں ہے۔
لیسکو محمود بوٹی سب ڈویژن کے علاقوں میں سرعام بجلی چوری ہو رہی ہے، دریائے راوی کے کنارے پر بسنے والے افراد کنڈے ڈال کر بجلی چوری کرنے میں مصروف ہیں۔
لیسکو ذرائع نے بتایا کہ گائوں ڈیرہ نواب صاحب اور سپانوالہ گائوں میں ایک میٹر بھی نصب نہیں اور تمام افراد نے بجلی چوری کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، دونوں مقامات پر دو ٹرانسفارمرز نصب کئے گئے ہیں، ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری ہونے کی وجہ سے ماہانہ لاکھوں روپے کا خسارہ ہو رہا ہے، علاقے میں بجلی چوروں کو بااثر شخصیات کی پشت پناہی کی وجہ سے لیسکو آپریشن کرنے سے گریزاں ہے جبکہ مقامی افراد کی جانب سے مزاحمت ہونے کی وجہ سے بجلی چوری کیخلاف کاروائی نہیں ہو سکی۔
