نواز شریف کا لالہ موسیٰ، وزیرآباد کا دورہ ملتوی

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کا لالہ موسیٰ اور وزیر آباد کا دورہ سیکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے سابق سربراہ اور سابق وزیراعظم اسلام آباد تا لاہور جی ٹی روڈ ریلی کے دوران پروٹوکول میں شامل ایک گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے بچے حامد چغتائی کے لالہ موسیٰ میں واقع گھر تعزیت کے لیے جانے والے تھے۔
لیگی رہنما اور سینیٹر آصف کرمانی کے مطابق نواز شریف نے وزیرآباد میں پارٹی کے جلسے سے خطاب کرنا تھا جبکہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بھی نواز شریف کے ہمراہ لالہ موسیٰ اور وزیرآباد جانا تھا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی طبیعت خراب ہونے کے سبب دورے کو منسوخ کیا گیا۔
خیال رہے کہ جی ٹی روڈ ریلی کے دوران 11 اگست کو گجرات میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی ریلی میں شامل ایلیٹ فورس کی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔
نواز شریف نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ متاثرہ خاندان سے تعزیت کے لیے خود ان کے گھر جائیں گے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق مقامی انتظامیہ اور پولیس نے نواز شریف کو اس دورے کو اُس وقت تک ملتوی کرنے کا مشورہ دیا تھا، جب تک مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو شرمندگی سے دوچار کرنے والے اس واقعے میں ملوث ڈرائیور گرفتار نہیں ہوجاتا۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا

 کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ …