شاداب ،شاباش………………


نارتھمپٹن ( سپورٹس ڈیسک/میڈیا92نیوز) پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خان نے کائونٹی کلب نارتھمپٹن کے بیٹسمینوں کو تگنی کا ناچ نچادیا۔ ان کی تباہ کن بولنگ نے میزبان ٹیم کے چھکے چھڑا دیے۔ دورے کے دوسرے چار روزہ پریکٹس میں انہوں نے19 اوورز میں 77 رنز دے کر چھ وکٹ اڑا دیے، ان کی عمدہ کارکردگی کے سبب میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 259 رنز پر ہمت ہارگئی۔ پاکستان نے کھیل ختم ہونے تک کسی نقصان کے بغیر چھ رنز بنائے تھے۔ آئرلینڈ کے خلاف اولین ٹیسٹ سے قبل یہ پاکستان کے خلاف تمام ہتھیار جانچنے اور حربے آزمانے کا آخری موقع ہے۔ پاکستان کے دیگر بولرز شاداب کا ساتھ نہ دے پائے۔ محمد عامر اس بار بھی کوئی تاثر چھوڑنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے 13 اوورز میں کسی کامیابی کے بغیر 40 رنز دیے، محمد عباس نے ابھی اتنے ہی اوور کرائے 34 رنز دیے ان کے ہاتھ بھی کوئی کامیابی نہ لگی۔ البت راحت علی 25 رنز کے عوض دو شکار کرنے میں کامیاب رہے۔ حارث سہیل نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں نارتھمپٹن شائر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ رابرٹ نیوٹن، اور بین ڈیکٹ نے
نارتھمپٹن شائر کو 36رنز کا آغاز دیا۔ نیوٹن 35 رنز بنا کر شاداب کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے۔ ڈیکٹ کو راحت علی نے ایل بی ڈبلیو کیا وہ 26 رنز اسکور کرپائے۔ لیوک پروکٹر نے ایک ہی رن بنایا تھا کہ وہ حارث سہیل اور شاداب کی مشترکہ کاوش پر رن آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ رچرڈ لیوی نے پانچ بائونڈریز کی مدد سے 31 رنز کی اننگز کھیل جسے شاداب نے ختم کردیا۔ ایڈم روسنگٹن نے ہوم ٹیم کی بیٹنگ کو سہارا دیا اور مکمل تباہی سے بچایا، وہ دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 90 رنز ٹیم کی نذر کرکے شاداب کی گیند سمجھ نہ سکے اور اسٹمپڈ ہوگئے۔جوش کوب کو شاداب نے صرف سات رنز بنانے کا موقع دیا اور ان کی وکٹیں بکھرادیں۔ نئے بیٹسمین روب کیوف کو تو کھاتہ کھولنے کی مہلت بھی نہ مل سکی اور بھی لیگ اسپنر کی ورائٹی سمجھ نہ پائے اور ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اسٹیون کروک کو راحت علی نے 10 رنز پر فہم اشرف کا کیچ بنایا۔ رکارڈو واسکنسیلوز نے کافی مزاحمت کی اور 72گیندوں پر 30 رنز بناکر ڈریسنگ روم لوٹے، شاداب نے ان کاوش ختم کی بریٹ ہٹنن کو حارث سہیل نے آٹھ رنز پر کلین بولڈ کیا جبکہ آخری بیٹسمین گیرتھ ویڈ ایک رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کو جوابی اننگز میں صرف 4.3 اوورز بیٹنگ کرنے کا موقع ملا جس میں انہوں نے وکٹ گنوائے بغیر چھ رنز اسکور بورڈ پر لگادیے۔ اظہر علی تین اور امام الحق بھی تین رنز بنا کر یز پر موجود تھے۔ میچ کیلیے پاکستان ٹیم اظہر علی، امام الحق،حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، سرفراز احمد( کپتان)، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر ، محمدعباس اور راحت علی پر مشتمل ہے۔

یہ بھی پڑھیں

عام انٹرنیٹ سے 45 لاکھ گُنا تیز انٹرنیٹ

برمنگھم: سائنس دانوں نے انٹرنیٹ اسپیڈ کا نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے جو موجودہ براڈ …