وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن(اوپی سی)پنجاب شاہین خالد بٹ اور کمشنر افضال بھٹی نے ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی لاہورکے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ سمندرپارمقیم پاکستانیوں کی شکایات پر ہونے والی کارروائی کو باقاعدگی سے اوپی سی کے ویب کمپلینٹ پورٹل پر اپ لوڈ کیاجائے تاکہ شکایت کنندہ کو اس حوالے سے اپ ڈیٹ کیا جاسکے ۔یہ ہدایات انہوں نے ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی لاہور کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر)امین وینس، ڈائریکٹر جنرل ،اوپی سی جاوید اقبال بخاری، ایڈیشنل ڈی جی پولیس اوپی سی آغامحمد یوسف،ڈپٹی کمشنر سمیراحمدسید، چیئرمین عوامی سہولت کمیٹی اوپی سی ساجدچوہدری اور دیگر متعلقہ افسران اجلاس میں شریک ہوئے۔شاہین خالد بٹ اورافضال بھٹی نے کہا کہ سمندرپارمقیم ہم وطنوںکی شکایات کے ازالے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی لاہور کی کارکردگی قابل تحسین ہے اور اس کے ارکان اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے بھر پور محنت کررہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ کمیٹی لاہورکی کوششوں سے ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف ملاہے۔اجلاس کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی متعدد شکایات پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا اور وائس چیئرپرسن شاہین خالد بٹ اور کمشنر افضال بھٹی نے ان کے حل کیلئے موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی لاہور میں زیرالتواء شکایات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔
