لاہور(سپورٹس ڈیسک/میڈیا92 نیوز)کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے شیڈول میں تبدیلی کی بھارتی درخواست منظور کر لی گئی اور ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 16جون کو مانچسٹر میںہو گا۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے بتایا کہ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں بورڈ کی طرف سے ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست کی گئی تھی تاکہ بھارتی ٹیم کو انڈین پریمیئر لیگ فائنل اور میگا ایونٹ کے ابتدائی میچ کے درمیان 15 دن کا وقفہ مل سکے۔ابتدائی شیڈول کے تحت بھارت کا پہلا میچ 2 جون کو جنوبی افریقہ کیساتھ رکھا گیا تھا لیکن اب بھارتی ٹیم 5 جون کو پروٹیز کیخلاف میچ سے مہم کا آغاز کریگی۔گزشتہ چند ایونٹس میں پاکستان اور بھارت کا پہلے ہی ٹاکرا کرا دیا جاتا تھا لیکن اس ایونٹ میں دونوں ٹیمیں ایونٹ کے درمیان میں مدمقابل ہوں گی۔ورلڈ کپ 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائیگا جس میں آسٹریلین ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 16 جون کو مدمقابل ہوں گی۔یہ ایونٹ 1992 کے ورلڈ کپ کی طرح راؤنڈ روبن کی طرز پر کھیلا جائیگا جس میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے کم از کم ایک میچ کھیلیں گی اور 4 بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ورلڈ کپ 2019 کا حتمی شیڈول 30 اپریل کو جاری کیا جائے گا۔آئی سی سی اجلاس میں فیوچر ٹور پروگرام 2019سے 2023ء تک کے معاملات بھی فائنل کئے گئے ۔بھارت اپنی سر زمین پر 19ٹیسٹ میچ کھیلے گا ۔ بھارتی بورڈ نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ بھی کھیلنے سے انکار کر دیا ہے ۔دریں اثناء بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز بھارت سے دو طرفہ سیریز کھیلنے کی بات کرنے سے قبل دوسرے ممالک کی عزت کرنا بھی سیکھیں ۔ پہلے شاہد آفریدی نے کشمیر سے متعلق بات کی اور بعد میں حسن علی نے واہگہ بارڈر پر بھارتی فورسز اور عوام کو دیکھ کر غلط اشارے کئے ۔ چیئر مین پی سی بی کو پہلے اس بات کو بھی سمجھنا چاہئے کہ بی سی سی آئی حکومتی پالیسیوں کو مرتب نہیںکرتا ہے ۔ وہ جب اپنے وزیر اعظم سے ملیں تو ان معاملات پر بھی بات کریں ۔ہم بھارتی تنظیم ہیں اور یہاں کے قوانین کے پابند ہیں ۔