اگلا کرکٹ ورلڈ کپ 1992 فارمیٹ کے تحت ہوگا


کراچی(سپورٹس ڈیسک/میڈیا92 نیوز) آئندہ سال انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والا ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 1992 کے ورلڈ کپ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا جس میں ہر ٹیم دوسری ٹیم کے خلاف ایک ایک میچ کھیلے گی۔ ہر ٹیم 9 گروپ میچ کھیلے گی جس کے بعد چار ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالی فائی کریں گی۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے 1992 کا ورلڈ کپ جیتا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ کا سب سے اہم میچ اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں 16 جون کو کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ انگلینڈ کے دس سینٹرز پر 30 مئی سے 14 جولائی تک کھیلا جائے گا۔ افتتاحی میچ اوول لندن میں کھیلا جائےگا۔ پہلا سیمی فائنل مانچسٹر اور دوسرا ایجبسٹن برمنگھم میں ہوگا۔ لارڈز کا تاریخی میدان فائنل کی میزبانی کرے گا۔ ورلڈ کپ کے شیڈول کو جمعرات کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں کول کتہ میں حتمی شکل دی جائے گی۔ جبکہ میٹنگ کے بعد اس کا اعلان ایک تقریب میں کیا جائے گا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ 5 جون کو کھیلے گی۔ آئی پی ایل کے بعد بھارتی ٹیم کے میچ میں پندرہ دن کا گیپ رکھا

گیا ہے۔ 1999 کے ورلڈ کپ میں بھی پاکستان بھارت میچ اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا گیا تھا۔ ٹورنامنٹ کے45 گروپ میچوں سمیت 48 میچ ہوں گے۔ دس ٹیمیں ورلڈ کپ ٹرافی کے حصول کی جنگ میں شرکت کریں گی۔ انگلینڈ 1975، 1979، 1983، 1999کے بعد ریکارڈ پانچویں بارمیگا ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں

روشن ڈیجیٹل کھاتوں کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کر گئی

میڈیا 92 نیوزڈسک کراچی: اسٹیٹ بینک کے مطابق روشن ڈیجیٹل کھاتوں کی تعداد 6 لاکھ …