اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک/ میڈیا92 نیوز) پاکستانی کرکٹر ز شاہد آفریدی اور شعیب ملک آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول چیریٹی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں آئی سی سی ریسٹ آف ورلڈالیون کی نمائندگی کریں گے ۔ورلڈ الیون اور کالی آندھی کے درمیان چیریٹی میچ 31 مئی کو لارڈز کے تاریخی گراﺅنڈ میں شیڈول ہے ،انگلینڈ کے ایوان مورگن ورلڈ الیون کی قیادت کریں گے ،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ،انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور میلبرن کرکٹ کمیٹی نے گزشتہ برس ویسٹ انڈیز میں سمندری طوفانوں سے تباہ ہونے والے پانچ سٹیڈیم کی تعمیر نو کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کی غرض سے چیریٹی میچ کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا ۔آئی سی سی نے کالی آندھی کے خلاف شیڈول میچ کیلئے فرسٹ گروپ آف پلیئر ز کا اعلان کردیا ہے جن میں شاہد آفریدی ،شعیب ملک اور سری لنکا کے تھسارا پریرا شامل ہیں ،بقیہ سکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتوں میں کیا جائے گا ،آفریدی نے مارچ 2016 ءمیں آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا اور اب وہتھوڑی دیر کیلئے دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کریں گے ۔آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ عظیم مقصد کیلئے میرا انتخاب کیا گیا ،کرکٹ میں سب کھلاڑی ایک فیملی کی طرح ہوتے ہیں ،ہمارا پیشہ او راخلاقی فرض بھی یہی ہے کہ ضرورت کے وقت سب اکٹھے ہوجائیں ۔سعیب ملک نے کہا کہ لارڈز میں اس میچ کے انعقاد سے اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے ،میری اس گراﺅنڈ سے اچھی یادیں وابستہ ہیں ،کوشش ہوگی کہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹیم کو کامیابی دلانے میں کردار ادا کروں ۔
