اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک/ میڈیا92 نیوز) سٹار پاکستانی باکسر محمد وسیم انٹرنیشنل باکسنگ فیڈ ریشن (آئی بی ایف ) فلائی ویٹ ورلڈ ٹائٹل کیلئے 15 جولائی کو ملائیشیا میں جنوبی افریقن باکسر موروئی متھالین کے خلاف فائٹ کریں گے ۔محمد وسیم نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے ورلڈ باکسنگ کونسل سلور فلائی ویٹ کیٹگری میں ٹائٹل جیت رکھا ہے اور اس کا کامیاب دفاع بھی کیا لیکن بدقسمتی سے اسپانسر مسائل کی وجہ سے میں اسے جاری نہ رکھ سکا لیکن اب مجھے انگلینڈ سے پروموٹرمل گیا ہے ،تجربہ کار باکسر سے مقابلے کا سن کر خوشی محسوس ہورہی ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ میں فائٹ جیت کرواپس وطن لوٹوں گا ۔انہوں نے کہا کہ میری ٹریننگ جاری ہے اور بہت جلد اپنے ٹرینر جیف مے ویدر کی نگرانی میں جدید تربیت کیلئے لاس ویگاس جاﺅں گا ۔متھالین نے کل 37 مقابلوں میں سے 35 فتوحات حاصل کررکھی ہیں اور انہیں ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دوسری جانب وسیم نے آٹھ مقابلوں میں سے تمام میں کامیابیاں حاصل کررکھی ہیں ۔
