حسن اور حسین نواز کو نیب میں طلبی کا نوٹس نہیں ملا، ذرائع

شریف خاندان کے ذرائع نے بتایا ہے کہ حسین اور حسن نواز کو نیب کی جانب سے پیشی کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔
نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز قائم کرنے کے لیے 2 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
جب کہ گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ نیب نے شریف خاندان کے تین افراد کو 18 اگست کو طلب بھی کرلیا ہے۔
نیب کی جانب سے جن 3 افراد کو طلب کرنے کی خبر سامنے آئی ان میں حسن اور حسین نواز سمیت طارق شفیع شامل ہیں۔
نمائندہ جیونیوز کے مطابق شریف خاندان کے ذرائع نے نیب کی جانب سے طلب کیے جانے کی تصدیق نہیں کی ہے۔
شریف خاندان کیخلاف ریفرنسز قائم کرنے کیلئے 2 ٹیمیں تشکیل
شریف خاندان کے ذرائع کا کہنا ہےکہ حسن اور حسین نواز کو نیب میں پیشی کے لیے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔
دوسری جانب نیب کی طرف سے لکھا گیا خط سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کو موصول ہوگیا ہے جس میں نیب آرڈیننس 1999 کے تحت وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے متعلق معلومات طلب کی گئی ہیں۔
نیب کی طرف سے یہ خط پاناما کیس کے فیصلے کے تحت لکھا گیا جو ایڈیشنل ڈائریکٹرنیب کی طرف سے لکھا گیا ہے۔
خط میں اسحاق ڈار سمیت ان کی اہلیہ تبسم ڈار، 2 بیٹوں علی ڈار، مجتبیٰ حسنین ڈار اور بہو اسما ڈار سے متعلق تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایس ای سی پی کو نوازشریف یا ان کے خاندان سے متعلق کوئی خط نہیں ملا جب کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کی تفصیلات ایس ای سی پی پہلے ہی جے آئی ٹی کو دے چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا

 کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ …