تازہ ترین

الیکشن کمشن نے یکم اپریل سے نئی بھرتیوں، ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد روک دیا

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں سرکاری ملازمتوں پر بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات کو شفاف اور آزادانہ بنانے کے حوالہ سے حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت تمام وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومتوں کے اداروں میں یکم اپریل 2018ء سے بھرتی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے تاہم فیڈرل پبلک سروس کمیشن اور صوبائی پبلک سروس کمیشنز کے تحت جاری بھرتیاں اس پابندی کی زد میں نہیں آئیں گی۔ مزید برآں یہ حکم نامہ بھی جاری کیا گیا ہے ایسے ترقیاتی منصوبے جن کی منظوری یکم اپریل2018ء یا اس کے بعد ہوئی ہے مثلاً گیس پائپ لائنز کی تنصیب، سڑکوں کی کارپٹنگ، واٹر سپلائی سکیمز وغیرہ اس قسم کی تمام ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد روک دیا جائیگا اور پہلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کسی دوسری مد میں منتقل نہیں کئے جائیں گے۔ اس حوالہ سے تمام وزارتوں اور متعلقہ محکموں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔دریں اثنا الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات کے حوالہ سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کے حوالہ سے یہ فیصلہ کیا تھا کہ ماتحت عدلیہ کے افسران کو بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران تعینات کیا جائے۔ اس ضمن میں تمام ہائیکورٹس سے جوڈیشل افسران کی فہرستیں فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ تمام ہائیکورٹس کی جانب سے متعلقہ فہرستیں مہیا کر دی گئی ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان اور تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی جانب سے اس تعاون پر الیکشن کمیشن کی جانب سے اظہار تشکر کیا جاتا ہے۔دوسری طرف الیکشن کمشن میں مجوزہ حلقہ بندیوں پر دائر اعتراضات نمٹانے کا عمل جاری ہے۔ خیبر پی کے، فاٹا، اسلام آباد کے حلقوں پر دائر اعتراضات کی سماعتیں مکمل ہوگئیں۔ الیکشن کمشن میں پنجا ب کے حلقوں پر دائر اعتراضات بھی نمٹانے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ راولپنڈی ضلع کی حلقہ بندیوں پر دائر اعتراضات پر سماعت مکمل ہوئی۔ ضلع راولپنڈی کی حلقہ بندیوں کے 37 اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ راولپنڈی، چکوال، جہلم کی حلقہ بندیوں پر دائر اعتراضات کا فیصلہ آج سنایا جائے گا جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور اسلام آباد کی اپیلوں کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ سیالکوٹ، گجرات، نارووال اضلاع کی اپیلوں کی سماعت آج کی جائے گی جبکہ گوجرانوالہ، منڈی بہائو الدین کی اپیلوں کی سماعت کل ہوگی۔

Back to top button