(اہم ترین/میڈیا 92نیوز) نیا اسپیشل ایڈیشن آئی فون 8 اور آئی فون 8 پلس ہی ہے مگر اس کی انفرادیت یہ ہے کہ لگا تار دوسرے سال ایپل نے اپنی اس فلیگ شپ ڈیوائس کو سرخ رنگ میں اسپیشل ایڈیشن کے طور پر پیش کیا ہے۔ یہ آئی فون کی 10 سالہ تاریخ میں دوسری بار ہے کہ اس رنگ کا فون فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔
اس سے پہلے گزشتہ برس ایپل کی جانب سے اسپیشل ایڈیشن کو پہلی بار متعارف کرایا گیا تھا اور اب مسلسل دوسرے سال ایسا ہوا ہے۔ 8 اپریل کو ایپل نے اپنے فلیگ شپ فون کے اس نئے ورژن کو متعارف کرایا جو کہ ریڈ پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد افریقہ میں ایچ آئی وی اور ایڈز سے مقابلے کے لیے فنڈز اکھٹا کرنا ہے۔ ایپل کے مطابق 2006 سے ریڈ پروگرام کے ساتھ شراکت داری کے دوران 16 کروڑ ڈالرز سے زائد عطیہ کرچکی ہے۔
اس اسپیشل ایڈیشن آئی فون کی قیمت گزشتہ سال ستمبر میں متعارف کرائے گئے آئی فون ایٹ اور ایٹ پلس جتنی ہی ہے۔ یہ فون رواں ہفتے کے دوران دستیاب ہوگا اور آئی فون ایٹ (ریڈ ایڈیشن) 699 ڈالرز (70 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ آئی فون ایٹ پلس (ریڈ ایڈیشن) 799 ڈالرز (80 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔