لاہور (تازہ ترین/میڈیا92 نیوز)
سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار دیکھ کر رونا آتا ہے، جہاں غریب مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں، مسیحا ہی جلاد بن گئے ہیں، کچھ روز قبل سروسز ہسپتال کے عملے نے خاتون مریضہ کے بھائی کو تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور آج میو ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر کی غفلت نے خاتون مریضہ کی جان لے لی۔
میڈیا92 کے مطابق میو ہسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث خاتون زندگی کی بازی ہار گئی، مریضہ کے لواحقین نے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا، ورثا ءکے مطابق چھیالیس سالہ مسرت میو ہسپتال میں زیر علاج تھی۔ غلط انجکشن لگانے کی وجہ سے لیڈی ڈاکٹر کی ورثاء کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی جس پر لیڈی ڈاکڑ سائرہ نے مریضہ کا علاج کرنے سے انکار کر دیا۔ حالت بگڑنے پر مریضہ کو آئی سی یو منتقل کیا گیا لیکن جانبرنہ ہو سکی۔ ہسپتال کے عملے نے قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے ورثاء کو جعلی ڈیتھ سڑٹیفیکیٹ پکڑا دیا۔
لواحقین نے حکام سے انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔ ورثاء کی درخواست پر انتظامیہ نے انکوائری کا حکم دے دیا۔