اسلام آباد( میڈیا پاکستان) افغان طالبان نے (taliban letter)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو افغانستان سے فوجیوں کی واپسی کے لئے کھلا خط لکھ دیا ، امریکا نے خط موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔
تفصیلات کے مطابق افغان طالبان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کھلا خط لکھ دیا ، خط میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان میں مزید امریکی فوج بھیجنے کی بجائے وہاں سے فوجیوں کی واپسی کا بندوبست کریں۔
افغانستان میں مزید فوجی بھیجنے سے کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا جبکہ اس سے صرف امریکی فوج اور اقتصادی طاقت کو نقصان پہنچے گا ، طالبان نے امریکا کو خبردار کیا کہ امریکی فوج انہیں کبھی شکست نہیں دے سکی۔
افغان حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ امریکا کو سب اچھا ہے کی رپورٹ دے رہی ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے طالبان کا خط امریکی صدر کو موصول ہونے کی تصدیق کر دی ، پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو طالبان کا خط مل چکا ہے۔
افغانستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے ذمہ دار صرف طالبان ہیں ، انہوں نے بتایا کہ افغان طالبان سے متعلق مختلف آپشنز زیر غور ہیں جبکہ افغان پالیسی کا بھی ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔
