اسلام آباد:(میڈیا92نیوز) صادق سنجرانی کی سینیٹ چیئرمین شپ کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کردیا گیا۔
درخواست گزار نے اپنی پٹیشن میں مؤقف اپنایا ہے کہ صادق سنجرانی کی عمر تقریباً 40 برس ہے اور آئین کے تحت قائم مقام صدر بننے کیلئے کم سے کم عمر 45 برس ہونی چاہیے۔
درخواست گزار نے عدالت عظمیٰ سے اپیل کی ہے کہ سینیٹ کے چیئرمین کے لیے انتخاب دوبارہ کرائے جائیں۔
خیال رہے کہ نئے صادق سنجرانی کے چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے بعد ہی قائم مقام صدر بننے سے متعلق عمر کی حد پر بحث چھڑ گئی تھی۔
نئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے قائم مقام صدر بننے کیلئے عمر کی حد پر بحث
آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت صدر مملکت کےعہدے کے لیے کسی بھی شخص کی کم سے کم عمر 45 سال ہونی چاہیے جبکہ نومنتخب چیئرمین سینیٹ کے کاغذات نامزدگی میں صادق سنجرانی کی تاریخ پیدائش 14 اپریل 1978 درج ہے، اس طرح قائم مقام صدر بننے کے لیے صادق سنجرانی کی عمر 5 سال کم ہے۔
آئینی ماہرین کی نظر میں سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلوں کی روشنی میں صدرِ مملکت کے لیے آئین میں متعین عمر کی حد کا اطلاق قائم مقام صدر پر بھی ہوتا ہے