اسلام آباد:(بیورورپورٹ میڈیا92نیوز) اپوزیشن اتحاد کے امیدوار صادق سنجرانی سینیٹ کے نئے چیئرمین جبکہ سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے۔
سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کے لیے 103 اراکین سینیٹ نے حق رائے دہی کا استعمال کیا، جس میں تمام کو درست قرار دیا گیا اور کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔
پریزائیڈنگ افسر یعقوب ناصر کے مطابق محمد صادق سنجرانی نے انتخاب میں 57 ووٹ حاصل کیے، جبکہ حکومتی اتحاد کے امیدوار راجہ ظفر الحق 46 ووٹ حاصل کر پائے۔
یعقوب ناصر نے صادق سنجرانی سے عہدے کا حلف لیا اور انہیں چیئرمین سینیٹ کا گاؤن پہنایا گیا۔
نومنتخب صادق سنجرانی نے ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا اعلان کیا جس کے مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی۔
پیپلز پارٹی اور اتحادیوں کے امیدوار سلیم مانڈوی والا 54 ووٹ لے کر سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوئے، جبکہ ان کے مدمقابل حکومتی اتحاد کے امیدوار عثمان کاکڑ نے 44 ووٹ حاصل کیے۔
صادق سنجرانی نے نومنتخب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے عہدے کا حلف لیا۔
قبل ازیں سینیٹ اجلاس میں پریزائیڈنگ افسر یعقوب ناصر نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا، جس کے بعد سینیٹ کی تمام قائمہ اور خصوصی کمیٹیوں کو تحلیل کردیا گیا، جبکہ نومنتخب سینیٹرز نے سینیٹ کی دستاویزات پر دستخط بھی کیے۔