پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ :عمران خان کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور

اسلام آباد(بیورو رپورٹ/میڈیا92نیوز)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے سمیت 3 مقدمات میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب حاضری سے استثنا کی درخواست منظورکرلی ۔

عمران خان کے خلاف 2014 کے اسلام آباد دھرنے کے دوران دائر کیے گئے مقدمات کی سماعت اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کے خلاف 4 مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس سمیت سابق ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کا کیس بھی شامل ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کی سماعت کا آغاز ہوا تو عمران خان کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے، جس پر سماعت میں 10 بجے تک کا وقفہ کیا گیا۔

وقفے کے بعد دوبارہ سماعت کے آغاز پر عمران خان اور ان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔جج کوثر عباس نے عمران خان کے خلاف پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے سمیت 3 مقدمات کی سماعت کی اورچیئرمین تحریک انصاف کی آئندہ سماعت پر حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے عمران خان کے خلاف ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین کی حاضری سے مستقل استثنا اور بریت کی درخواستوں پر پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کردیا ، اس کیس کی سماعت بھی 13 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ عمران خان نے ان مقدمات میں حاضری سے استثنا اور نمائندے کے ذریعے ٹرائل کی درخواست دی تھی، تاہم 23 فروری کو عدالت نے عمران کی حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

گزشتہ سماعت پر عمران خان نے عدالت سے کہا کہ ایک آدمی سیاسی احتجاج کرے اور اس کے خلاف کیسز بن جائیں، یہ سراسر غیر جمہوری عمل ہے۔

جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کیس عدالت میں ہے اور ہم نے عدالتی پروسیجر کو فالو کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کا روڈا اور سی بی ڈی پنجاب میں سفری سہولیات کے لئے نئے نظام کی تشکیل کا فیصلہ

محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے عصر حاضر کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے روڈا اور …