پاکستانتازہ ترین

پاناما میں پکڑا گیا وزیراعظم آج باہر سے مدد لے رہا ہے، عمران خان

لاہور(نمائندہ خصوصی/میڈیا 92نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما میں پکڑا گیا وزیراعظم آج باہر سے مدد لے رہا ہے جب کہ باہر بیٹھی ایک طاقت کو خوش کرنے کے لئے حلف نامے میں ترمیم لائی گئی۔

لاہور میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کیا وجہ تھی کہ موجودہ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) نے خفیہ طور پر حلف نامے کو بدلا جب کہ دو دفعہ وزیر قانون نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر کہا کہ ہم نے کوئی تبدیلی نہیں کی۔

عمران خان نے کہا کہ یہ باہر بیٹھی ایک طاقت کو خوش کرنے کے لیے ترمیم لائی گئی تھی، جب یہ پکڑے گئے تو معافی مانگی اور کمیٹی بنائی گئی جب کہ قوم راجا ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار کررہی ہے جس کے بعد فیصلہ ہوگا کہ کیا رپورٹ میں سازش کرنے والوں کی نشاندہی کی گئی یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور نریندر مودی خفیہ میٹینگ کرتے ہیں ، کون سے ملک کا وزیراعظم ایسی حرکتیں کرتا ہے اور کیا وجہ ہے کہ جو سازش ہے وہ سامنے نہیں آئی۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اسلامی ریاست میں طاقتور کو عدالت سزا دیتی تھی تو کوئی یہ نہیں کہتا تھا کہ مجھے کیوں نکالا، انگریزوں نے یہاں تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی بنائی اور انصاف کی وجہ سے جب برکت آئی تو مسلمانوں نے دنیا پر حکومت کی۔

عمران خان نے کہا کہ غریب اور دکھی لوگوں کے لیے یہ ملک بنا تھا اور اس ملک کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا لیکن پاکستان ایک چھوٹے سے طبقے کے لیے ملک بن گیا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ کرپٹ نظام کی وجہ سے ملک پیچھے جارہا ہے، لوگ نوکریاں ڈھونڈنے باہر جاتے ہیں اور راستوں میں مرجاتے ہیں، اللہ نے ہمیں انسانوں کی خدمت کے لیے پیدا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اوقاف کی زمینوں پر لوٹ مار اور قبضے ہورہے ہیں، ان زمینوں پر عمارتیں بناکر غریبوں کی مدد کرسکتے تھے۔

Back to top button