اسلام آباد: پاکستان کے 71 ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر میں جاری ہے جہاں صدر مملکت ممنون حسین نے قومی پرچم لہرادیا۔
پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مہمان خصوصی چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ بھی موجود ہیں۔
ملک بھر میں پاکستان کی آزادی کے 70 سال مکمل ہونے کا جشن جاری ہے اور پوری قوم مادر وطن کو ہر خطرے سے محفوظ رکھنے اور پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق ایک حقیقی اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے عزم کی تجدید کررہی ہے۔
یومِ آزادی کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
علی الصبح صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک بحریہ کے کیڈٹس نے مزارقائد پرگارڈزکے فرائض سنبھال لیے۔
تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور عدنان احمد تھے۔
اس سے قبل مزارِ اقبال پر ہونے والی خصوصی تقریب میں پاک فوج کےدستےنے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی لیفٹیننٹ کرنل فیصل حمید نے پرچم کشائی کی۔
واضح رہے کہ پاک فوج سے پہلے پنجاب رینجرز نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال رکھے تھے۔
صدر، وزیراعظم ، چین کے نائب وزیراعظم ، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی آج پارلیمنٹ ہاؤس میں جمہوریت کے گمنام مشاہیر کی یادگار پر پھولوں کی بھی چادر چڑھائیں گے۔
صوبائی دارالحکومتوں ، ضلعی ہیڈکوارٹرز اور دیگر اہم قومی اداروں میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی۔
واضح رہے کہ 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک کی تمام اہم سرکاری اور نجی عمارتوں ، سڑکوں اور شاہراہوں کو چراغاں ، قومی جھنڈوں، قومی مشاہیر کی تصاویر ، بینرز اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔
ادھر تمام اہم سرکاری اور نجی عمارتوں ، سڑکوں اور شاہراہوں پر نہایت دلفریب چراغاں کیا گیا ہے اور انہیں قومی جھنڈوں ، قومی مشاہیر کی تصاویر ، بینرز اور جھنڈیوں کے ذریعے بہت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جو انتہائی دلکش منظر پیش کررہی ہیں۔
یاد رہے کہ آزادی کے جشن کو چار چاند لگانے کے لیے آزادی ٹرین بھی اسلام آباد سے اپنے سفر کا با ضابطہ آغاز کرچکی ہے۔
اس خصوصی ٹرین میں تحریک پاکستان کے مختلف پہلووؤں ، ملکی ثقافت اور روایات کو اجاگر کیا گیا ہے ،ٹرین تمام صوبوں میں جائے گی جبکہ عوام ٹکٹ کے بغیر ٹرین کو دیکھ سکتے ہیں۔
