اسلام آباد(میڈیا نائنٹو ڈاٹ ٹی وی) سابق وزیراعظم نوازشریف نےاحتساب عدالت کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا لگتا ہے عمران خان اور جہانگیرترین نااہلی کیس میں بھی مجھے نااہل کردیا جائے گا۔نوازشریف اپنی بیٹی مریم صفدراورداماد کیپٹن صفدر کے ہمراہ اپنے خلاف دائر تین نیب ریفرنسز کیس کی سماعت کے لیے آج احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالتی کارروائی دن ایک بجے تک ملتوی ہونے کے بعد نوازشریف نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے مختصرگفتگو کی۔
صحافی کی جانب سے کیے جانے والے سوال کہ عمران خان کا فیصلہ سپریم کورٹ میں محفوظ ہے، عدالت نے ابھی تک اس کیس کا فیصلہ نہیں سنایا اس پرآپ کیا کہیں گے۔ اس سوال کے جواب میں نوازشریف نے دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا ’لگتا ہے عمران خان اور جہانگیرترین نااہلی کیس میں بھی مجھے نااہل کردیا جائے گا‘۔
سابق وزیراعظم احتساب عدالت سے پنجاب ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے لیگی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھاتاہم ہم نے 2017 میں ہی لوڈشیڈنگ ختم کرکے وعدہ خلافی کی۔ ہم اپنے وعدے اور قول پر پورا نہیں اترے اور یہ کہنے پر مجبور ہوگئے کہ میں صادق اور امین نہیں رہا۔
