اسلام آباد(میڈیا نائن ٹو ڈاٹ ٹی وی) سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی طلبی کا اشتہار نیب عدالت کے نوٹس بورڈ پرآویزاں کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کے معاملے میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز ہوگیا ہے۔ سابق وزیر خزانہ کی طلبی کا اشتہار نیب عدالت کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کردیا گیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے دستخطوں سے جاری ہونے والے اشتہارکے متن میں اسحاق ڈار کو مفرور قرار دیتے ہوئے انہیں 10 روز میں احتساب عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ اشتہار میں کہا گیا کہ اگر سابق وزیر خزانہ 10 دن میں پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔دوسری جانب احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کی 50 لاکھ روپے کی ضمانت ضبطی سے متعلق سماعت ہوئی، تاہم سابق وزیر خزانہ کے وکیل اور ضامن عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس کے باعث عدالت نے اسحاق ڈار کے ضامن اور وکیل کے آنے تک سماعت میں وقفہ کردیا۔
واضح رہے کہ 24 نومبر کو ہونے والی سماعت میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ضامن احمد علی قدوسی نے انہیں احتساب عدالت کے سامنے پیش کرنے کے لئے تین ہفتوں کی مہلت طلب کی تھی۔
