اسلام آباد(میڈیا نائن ٹو ڈاٹ ٹی وی) چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور دیگر حکومتی وزرا نے ایک حساس معاملے کو بگاڑ کر ملک کو دلدل میں دھکیل دیا ہے اب شاہد خاقان عباسی اور ان کے وزرا گھر جائیں۔اسلام آباد میں دھرنا مظاہرین کے خلاف کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ فیض آباد چوک پر مذہبی جماعتوں کے دھرنے کے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال کرکے ایسی چنگاری سلگائی گئی جس نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور مار ڈھاڑ و املاک کی تباہی کا سلسلہ پورے ملک میں پھیل گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اس تمام تر صورتحال کی ذمہ دار وفاقی حکومت بالخصوص وزیراعظم، وزیرداخلہ اور وزیرقانون ہیں۔ وفاقی وزیرقانون زاہد حامد کو بہت پہلے ہی اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفیٰ ہوجانا چاہئے تھا لیکن ان سب نے مل کر ایک انتہائی حساس معاملہ بگاڑا اور ملک کو دلدل میں دھکیل دیا، اب وقت آگیا ہے کہ شریف خاندان کا کٹھ پتلی وزیراعظم اپنے وزرا سمیت گھر جائے اور ملک میں قبل ازوقت انتخابات کروائے جائیں۔
چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت نے ختم نبوت کے معاملے پر تشکیل دی گئی راجا ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ جاری کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا تھا، اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا مطالبہ بھی ریکارڈ پر موجود ہیں لیکن حکومت نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہ کرکے اپنی غلطی پر پردہ ڈالنے کے تاثر کو تقویت دی اور خود ثابت کردیا کہ ڈان لیکس کی طرح ختم نبوت جیسے حساس معاملے سے بھی جان بوجھ کر چھیڑ چھاڑ کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہرقیمت پر شریف خاندان کی کرپشن بچانے کا تہیہ کررکھا ہے چاہے اس کے لئے عدم استحکام کی صورتحال پیدا ہو یا جمہوریت کا خون بھی ہوجائے، ہم کسی صورت کرپٹ لوگوں کو بچنے نہیں دیں گے۔
