تحریک انصاف نے عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کردیا

مظفر آباد:
پاکستان تحریک انصاف نے عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کردیا۔

آئین کے آرٹیکل 13کے تحت آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں 13ویں وزیراعظم کاانتخاب آج ہوگا۔ تحریک انصاف 32اراکین کے ساتھ ایوان میں سرفہرست ہے اور وزیراعظم کے انتخاب کے لئے 27ارکان پرمشتمل سادہ اکثریت درکار ہے۔ متحدہ اپوزیشن نے چوہدری لطیف اکبرکووزیراعظم کے عہدے کے لئے نامزد کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ طویل مشاورت اور تجاویز کے جائزے کے بعد وزیر اعظم پاکستان و چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب ایم ایل اے عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے ۔ وہ ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
عبدالقیوم نیازی آزاد جموں کشمیر کے حلقہ ایل اے 18 پونچھ 1 سے الیکشن میں کامیاب ہوئے ہیں اور 2 سال پہلے مسلم کانفرنس چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے۔ وہ 2006 میں مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے بھی رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور وزیر خوراک بھی رہ چکے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے 5 امیدواروں کے انٹرویوز لیے تھے جن میں سردار تنویر الیاس، بیرسٹر سلطان محمود، خواجہ فاروق، اظہر صادق اور عبدالقیوم نیازی شامل تھے۔ پہلے پہل عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے کی دوڑ میں شامل نہیں تھے لیکن پھر ان کا نام اچانک سامنے آیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان امیدواروں کے انٹرویوز میں ان سے ماحولیات، سیاحت، معیشت، قومی و بین الاقوامی معاملات، سرحدی معاملات اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں سوالات کیے تھے۔

گزشتہ روز تحریک انصاف کے امیدوار انوارالحق آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر اور ریاض گجر ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …