عدالت نے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے پر حکومت سے جواب طلب کرلیا

لاہور (کورٹ رپورٹر ) لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے خلاف درخواست پر حکومت سے جواب طلب کیا ہے ، اس حوالے سے ہائی کورٹ میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جہاں جسٹس علی باقر نجفی نے شہباز شریف کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔
بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی طرف سے امجد پرویز ایڈووکیٹ اوراعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ پیش ہوئے، جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ شہباز کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے اور ہائی کورٹ کا عبوری حکم سپریم کورٹ میں چیلنج ہونے کے بعد کیا یہ درخواست قابل سماعت ہے؟ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے بعد عدالت کے عبوری حکم پر کیسے عملدرآمد کروایا جا سکتا ہے؟ اس پر اپوزیشن لیڈر کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے دلائل دیے کہ عدالت حکومت سے جواب منگوالے ساری بات کلیئر ہو جائے گی۔دوران سماعت حکومت کی طرف سے ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت مین پیش ہوئے ، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنے بیرون ملک جانے سے متعلق عدالتی حکم کو کسی متعلقہ حکام کو جمع نہیں کروایا، بلکہ وہ سیدھا ایئر پورٹ چلے گئے اور عملے کو عدالتی حکم دے دیا، شہباز شریف کی ذمہ داری تھی کہ عدالتی حکم کی سروس کرواتے، ایئرپورٹ عملے نے شہباز شریف کو کہا کہ انکا نام بلیک لسٹ میں نہیں ہے جب کہ عدالتی حکم بلیک لسٹ سے متعلق تھا، بعد ازاں عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر فریقوں کو نوٹس جاری کر کے 26 مئی کو جواب طلب کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں

نیاز بیگ میں ریونیو ریکارڈ کے برعکس رپورٹس مرتب کرنے کا انکشاف

لاہور (میڈیا 92 نیوز آن لائن) نیاز بیگ میں ریونیو ریکارڈ کے برعکس رپورٹس مرتب …