روزمرہ اشیا کی پیمائش کرنے والا انقلابی ڈیجیٹل آلہ

(میڈیا92نیوز)جو لوگ سول انجینئرنگ اور دیگر ڈیزائننگ میں پیمائشوں کےلیے مختلف آلات اور اسکیل رکھتے ہیں، اب ان کےلیے ’’میزور‘‘ ایک خوشخبری بن کر ابھرا ہے۔ ہاتھی کے پاؤں میں سب کا پاؤں کےمصداق اب میزور ڈیجیٹل ٹول ہر طرح کی پیمائش کرسکتا ہے۔

اس کی مدد سے آپ فلور پلان اور دیگر اشیا کی پیمائش کرسکتے ہیں۔ جس طرح کمپیوٹر ماؤس کا پہیہ ہوتا ہے، عین اسی طرح میزور کے اوپر ایک وِہیل لگا ہے۔ بس اسے کسی بھی جگہ گھماتے رہیے اور ڈیجیٹل میٹر اس کی پیمائش کرتا رہے گا۔ اگر آپ خمیدہ اشیا مثلاً انڈے، چوڑی یا کسی ڈیزائن کو ناپنا چاہیں تو میزور اس کام کو آسانی سے انجام دے سکتا ہے۔دوسری جانب اس میں لیزر کی بدولت کسی بھی جگہ کا فاصلہ ناپنے کی سہولت بھی موجود ہے، یعنی لیزر پھینکیے؛ اور یہ 82 میٹر تک کی دوری سے بھی درست پیمائش کرسکتا ہے۔ تعمیرات میں ہم بلبلے والے اسکیل استعمال کرتے ہیں اور میزور یہ کام بھی بہ آسانی انجام دے سکتا ہے۔

ایک مرتبہ چارج کرنے پرمیزور ایک ماہ تک کام کرسکتا ہے اور اس کی بدولت آپ خمیدہ گلدان سے لے کر کسی بوتل کا ناپ بھی معلوم کرسکتے ہیں۔ اس کی دلچسپ بات یہ ہے کہ پیمائش کے بعد یہ کسی بھی شکل کے خدوخال ایک ڈرائنگ کی صورت میں بناتا ہے جنہیں کسی بھی پلیٹ فارم پر امپورٹ کرکے ایڈٹ کیا جاسکتا ہے۔ یہ ساری معلومات آپ میزور ایپ پر بھی جمع کرسکتے ہیں۔

میزور اتنا چھوٹا ہے کہ بہ آسانی جیب میں سما سکتا ہے۔ اسے دنیا کا سب سے چھوٹا ’’2 ڈی لیزر روم اسکینر‘‘ بھی کہہ سکتے ہیں۔ بس اسے آن کیجیے، یہ پورے کمرے کا اسکین کرسکتا ہے۔ میزور ٹیکنالوجی ابھی کراؤڈ فنڈنگ سے گزررہی ہے اور اس آلے کی قیمت 129 ڈالر رکھی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …