عمران خان کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کا ذمہ دار قرار

مظفر آباد(آن لائن)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسئلہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کا ذمہ دار بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ،سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس "تکون ” کی سازش کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کیا گیا ،کشمیر ایک نظریاتی مسئلہ ہے،ایک ناجائز اور نا اہل حکومت کو کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کو ئی حق حاصل نہیں،بھارت کشمیر کو اٹوٹ انگ کہہ کر اقوام متحدہ ،سلامتی کونسل سے غداری کا مرتکب ہوا ہے۔ مظفر آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے پہلےعمران خان نے کہا تھا کہ مودی کامیاب ہوا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہوجائے گا،یہ واحد آدمی تھا جس نے اقتدار میں آنےسےپہلے کشمیر کو تین حصوں میں تقسیم کرنیکا فارمولا پیش کیا تھا،ہم آج یہاں مظفرآباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ کشمیر فروش حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے آئے ہیں،مسئلہ کشمیر کی سیاسی حیثیت کو کشمیریوں کی مرضی کے بغیرتبدیل کرنا کشمیریوں سے غداری کے مترادف ہوگا۔پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ اگر ہندوستان کہتا ہے کہ کشمیر ہمارا اٹوٹ انگ اور ہندوستان کا جغرافیائی حصہ ہے تو یہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مخالفت ہے،بین الاقوامی فورم پر ہندوستان نے عالمی فیصلوں سے غداری کی ہے،سلامتی کونسل اوراقوام متحدہ کی قراردادوں سے غداری کی ہے ،جو غداری اُنہوں نے کی تھی آج وہی اس غداری کا مرتکب ہو رہا ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ آپ مراعات دیں ، آپ عزت دیں ،آپ اُن کو وسائل مہیا کریں، آپ اِن کو روزگار مہیا کریں ،آپ اِن کو خوشحال زندگی مہیا کریں، اس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں لیکن مسئلہ کشمیر کی سیاسی حیثیت کو تبدیل کرنا پورے کشمیریوں کے ساتھ غداری کے مترادف ہے ، آج ہم نے مظفرآباد میں دو حیثیتوں کے ساتھ جلسہ کیا ہے، ایک اپنی سابقہ روایات کو براقرار رکھتے ہوئے پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر اور آج اس میں ایک احتجاج شامل ہے کہ جس طرح کشمیر کو سودا کیا گیا ،کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس جس طرح ہندوستان نے اِن کی حکومت کے دوران جس طرح گزشتہ سال پانچ اگست کو کشمیر کے مسئلے کی حیثیت ختم کر دی ،آج ظاہر ہے کہ ہم اس احتجاج میں شریک ہونے کے لئے مظفر آباد آئے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …