پاکستان کا ایک اور دشمن افغانستان میں مارا گیا

کابل (نیٹ نیوز) پاکستان میں خود کش دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ نورگل افغانستان میں ایک دھماکے میں مارا گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز افغان صوبے کنڑ میں ایک گاڑی کو بم دھماکے سے اڑایا گیا تھا جس میں دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔ آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بننے والوں کی آج شناخت ہوگئی ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں مرنے والے ایک شخص کی شناخت کالعدم جماعت الاحرار کے مالیاتی کمیشن کے سربراہ نورگل کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ بم دھماکے میں نائب امیر رشید عرف ماما بھی ہلاک ہوا ہے جبکہ کمانڈر وحید گل زخمی ہوا ہے۔ یہ دہشتگرد جلال آباد سے اپنی گاڑی پر نکلے تھے اور منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی مارے گئے۔نجی ٹی وی نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں کالعدم تنظیموں کے آپس کے جھگڑے میں پاکستان میں دہشتگرد حملوں کے ماسٹر مائنڈ نور گل کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ نور گل پاکستان میں ہائی پروفائل دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ خود کش حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا اور شاہ نورانی مزار پر خود کش حملے میں بھی ملوث تھا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ کالعدم جماعت الاحرار کے مالیاتی کمیشن کے ذریعے دہشتگردوں کو پاکستان میں فنڈنگ فراہم کی جاتی تھی، دہشتگردوں کا یہ گروہ درجنوں خود کش حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ ہلاک دہشتگرد کوئٹہ میں سکیورٹٰ فورسز پر حملوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …