سٹینڈرڈزکوالٹی کنٹرول اتھارٹی کا غیر رجسٹرڈ مصنوعات کیخلاف کریک ڈاؤن

لاہور(سٹی رپورٹر) غیر معیاری، غیر قانونی اور بغیر لائسنس کاسمیٹکس اور دیگر اشیاء خوردونوش رکھنا،بنانا اور فروخت کرنا غیر قانونی ہے ۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی ہدایت پرپاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی(پی ایس کیو سی اے) نے غیر رجسٹرڈ مصنوعات کیخلاف آپریشن شروع کردیا،بڑے سپر سٹورز پر چھاپے، 45سے زائد برانڈزکی مصنوعاتضبط،2سپر سٹور مالکان کو وارننگ نوٹس تھما دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر کی ہدایت پر ڈی جی پی ایس کیو سی اے عبدالعلیم میمن نے ڈائریکٹر ایس ڈی سی ۔ سی اے لاہور زون یٰسین اختر کوغیر رجسٹرڈ مصنوعات سے نمٹنے کا ٹاسک سونپا ۔ جس پرتشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے فوری طور پراوپن مارکیٹ سرویلینس شروع کردی ۔ پی ایس کیو سی اے ایکٹ کے سیکشن 14کے تحت کارروائی کرتے ہوئے شہر کے دو بڑے سپر سٹورز پر رکھا گیا 45سے زائد برانڈز کا بھاری سٹاک ضبط کر لیا گیا ۔ اب مارکٹ سے اٹھائے گئے سٹاک کی سیمپلنگ بھی کی جائے گی اور لیبارٹری ٹیسٹ پاس نہ کرنیوالی مصنوعات کیخلاف سخت قانونی کارروائی بھی کی جائیگی ۔ مزید برآں ملک کی معروف فوم بنانے والی کمپنی کو فائنل وارننگ نوٹس بھی دیدیاجبکہ اوکاڑہ میں پانی کا ایک یونٹ بھی سیل کر دیا گیا ہے ۔ لائسنس نہ ہونے پر چائے کی پتی بنانے والی ملک کی معروف کمپنی کا سٹاک بھی ضبط اور پروڈکشن بند کروا دی گئی ۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے عبدالعلیم میمن کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر چلنے والی کمپنیوں کیلئے کسی قسم کی رعایت نہیں ، ایسی کمپنیوں کو سامان فروخت کر نا بھی جرم ہے ۔ انہوں نے سٹور مالکان کو بھی ہدایت کی ہے کہ صرف پی ایس کیو سی اے کا سی ایم لائسنس رکھنے والی کمپنیوں کی مصنوعات ہی فروخت کریں ورنہ شیلفوں میں رکھا سٹاک بھی ضبط کر لیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کمپنیوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائیگا ۔

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …