ن لیگ کے ایک اور رکن اسمبلی سیف الملوک کھوکھربھی اینٹی کرپشن کے ریڈار پرآگئے

لاہور(میڈیا رپورٹ ) مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور ایم پی اے ملک سیف الملوک کھوکھر پر ڈی سی لاہور مدثر ریاض کی درخواست پر اینٹی کرپشن میں پرچہ درج کرلیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن)لاہور کے سینئر نائب صدر اور ایم پی اے ملک سیف الملوک کھوکھر کے خلاف جعل سازی اور بد نیتی سے سرکاری خزانے کو فیس کی مد میں نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ان کے خلاف ریفرنس میں پرچہ درج کرنے کی استدعا ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض نے کی تھی۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملک سیف الملوک کھوکھر کے ساتھ حلقہ پٹواری افتخار احمد اور سب رجسٹرار دفتر علامہ اقبال ٹان لاہور کے سابق آر ایم ون راجہ ندیم بھی مقدمے میں نامزد کئے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس کے مطابق ملزمان نے حقائق چھپاتے ہوئے سرکاری خزانے کو رجسٹریشن فیس کی مد میں لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم نے حلقہ پٹواری افتخار اور دفتر سب رجسٹرار علامہ اقبال ٹان کے سابق آر ایم راجہ ندیم کی ملی بھگت سے غیر قانونی سرنڈر ڈیڈ رجسٹر کروائی، ملزمان نے سٹیمپ ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رقبہ 22 کنال 11 مرلہ، جعل سازی، بدنیتی اور فراڈ سے جعلی سرنڈر ڈیڈ درج کرائی، سرنڈر ڈیڈ مشترکہ وراثت کی منتقلی یا فروخت کے وقت تیار کی جاتی ہے۔
ریفرنس کے مطابق ملزم نے فرزند علی اور عثمان سے رقبہ خریدا، فروخت کنندہ فرزند علی اور عثمان نے جب سرنڈر ڈیڈ درج کروانے کے لئے فرد رپٹ نکلوائی تو وہ جائیداد کے شراکت دار نہ تھے، ملزم نے سرکاری اہلکاروں کی ملی بھگت سے مختلف فیسوں کی مد میں خزانہ سرکار کو بھاری نقصان پہنچایا۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری رہیں گی، اور سرکاری خزانے کی ایک ایک پائی وصول کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں

محمود بوٹی پٹواری کی ٹرانسفر کا معاملہ، پٹواری ریکارڈ لیکر رپووش ہوگیا

لاہور (میڈیا 92 نیوز آن لائن) محمود بوٹی پٹواری کی ٹرانسفر کا معاملہ، پٹواری ریکارڈ …