کراچی(M92) بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شہر قائد کی سیاست مضحکہ خیز صورتحال سے دوچار ہے تاہم حالات کو بہتر کرنا ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا کراچی بہتری کا مستحق ہے تاہم گزشتہ چند روز سے شہر کی سیاست مضحکہ خیز صورتحال سے دوچار ہے۔
گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کراچی کے حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ایس پی کے رہنما مصطفیٰ کمال نے سنجیدہ الزامات لگائے ہیں انکی تحقیقات ہونی چاہیے، سیاست کے اندراسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کا کام بند ہوجانا چاہیے جبکہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے کہ پی ایس پی اور متحدہ کیسے بنیں۔
واضح رہے کہ پی ایس پی اور ایم کیو ایم میں گزشتہ دنوں ہونے والا اتحاد ایک روز بعد ہی ٹوٹ گیا اور دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگائے۔ ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ انہیں دباؤ ڈال کر پی ایس پی سے اتحاد پر مجبور کیا گیا جب کہ پی ایس پی کے چیرمین مصطفیٰ کمال نے کل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان تو بنی ہی رینجرز ہیڈکوارٹر میں ہے۔
