شاہدرہ کا پورا علاقہ راوی منصوبے کاحصہ نہیں ، 20لاکھ آبادی کے متاثر ہونے کی افواہیں غلط ہیں، ایس ایم عمران

لاہور (رپورٹ شبیر عثمانی ) راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجما ن ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ شاہدرہ کا پورا علاقہ اس منصوبے کاحصہ نہیں ، چنانچہ 20لاکھ آبادی کے اس منصوبے سے متاثر ہونے کی افواہیں بالکل غلط ہیں۔ شہری راوی منصوبے کے بارے میں اپنی مشکلات ضروربتائیں ، لیکن احتجاج صرف اس وقت کریں جب ان سے یہ کہا جائے کہ ان کی زمین آج ہی ایکوائر کی جارہی ہے۔اس وقت تو منصوبہ بندی کرنے کے لئے صرف علاقے کا سروے کیاجا رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیاجا سکے کہ کس مقام پر کیا چیز واقع ہے۔ سروے کے نتیجے میں یہ معلوم ہو سکے گا کہ کسی جگہ پر مکان، سکول ‘ ہسپتال ‘ فیکٹری، مسجد‘ مزار وغیرہ یا کوئی دوسری عمارت واقع ہے- میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ 20سال سے زیادہ پرانا ہے ، مختلف ادوارِ حکومت میں اس پر کام کیا جاتا رہا لیکن کسی نے اس پر اعتراض نہیں کیا،آج احتجاج کی آڑ میں سیاسی مسئلہ شروع کرنے کی کوشش بلاجواز ہے۔ شہریوں کو جس بات پر اکسایا گیا ہے وہ سچ نہیں۔ شہریوں کی زمینےں قبضہ مافیا ہڑپ کرتے ہیں حکومت نہیں۔حکومت صرف عوام کی بہتری کا سوچتی ہے اور اس کے لیے کام کرتی ہے۔ اس وقت حکومت ہے عوام کی ہے اور عوام کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہوگی۔ یہ حکومت شہریوں کی دوست ہے دشمن نہیں۔ شہریوں سے پوچھے بغیر کوئی کام نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی کو ان کے ساتھ زیادتی کرنے دی جائے گی۔ شہری ان لوگوں کی باتوں میں نہ آئیں جو اپنی سیاست چمکانے کے لئے انہیںگمراہ کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 2014ئ میں ایک لاکھ دو ہزار ایکٹر رقبے پر سیکشن فور نافذ کیا گیا تھا۔اس وقت کے کئے جانے والے سروے کے مطابق اس علاقے میں تین ہزار ایک سو ایکٹر پر غیر قانونی آبادیاں تھیں جو کسی پلاننگ کے بغیر بنائی گئی تھیں۔آج چھ سال بعد غیر قانونی آبادیاں تقریباََ سا ت ہزار ایکٹر رقبے پر پھیل چکی ہیں۔اس لئے اگر اسے پلاننگ کرکے نہ بنایا گیا تو 10سال بعد یہاں بھی غیر قانونی اور بے ہنگم تعمیرات قائم ہو جائیںگی -انہو ںنے کہا کہ یہ محض ایک منصوبہ نہیں بلکہ مکمل شہر ہے اور کوئی شہر سالہا سال میں بستا ہے-اس شہر کو پلاننگ کے ماڈرن سٹینڈرڈز کے مطابق بنایا جائے گا -یہ30سال کا منصوبہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ نئے شہر میں60لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور 1700ایکٹر رقبہ فارسٹ کے لئے مختص ہو گا۔ یہاں ایک ایکوسٹی بنایا جائے گا اور پہلے سے موجود پھلوں کے باغات اسی کے اندر ضم کر دیئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …