راو ی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے کے لئے کسی سے زبردستی زمین نہیں ہتھیائی جارہی، ترجمان

لاہور(میڈیا 92نیوز )راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے کے لئے کسی سے زبردستی زمین نہیں ہتھیائی جارہی ۔ یہ منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیاجائے گا۔ پہلا مرحلہ 44ہزار ایکڑ اراضی پر مشتمل ہے جس کے لئے کسی کو بے گھر نہیں کیاجارہا۔منصوبے کے لئے اراضی حاصل کرنے کی خاطر کسی کو کوئی نوٹس نہیں دیاگیا ۔چنانچہ زمین زبردستی حاصل کرنے کے بارے میں افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔ابھی تک صرف آٹھ عدالتی کیسز سامنے آئے ہیں جو غیر قانونی رہائشی سکیموں کی طرف سے دائر کیے گئے ہیں ۔ عام شہریوں کی طرف سے ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔وہ وزیرا علیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ راو ی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے کے بارے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو تفصیلات سے آگاہ کر رہے تھے ۔ اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ بھی موجود تھے۔ ایس ایم عمران نے بتایا کہ یہ ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے جسے عمران خان جیسا مضبوط قوت ارادی رکھنے والا شخص ہی شروع کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نظر مستقبل میں پیدا ہونے والے مسائل پر ہے ۔ آنے والے دنوں میں ہمارا سب سے بڑا مسئلہ پانی کی فراہمی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانی کی جنگ مستقبل میں شروع نہیں ہونی بلکہ یہ شروع ہو چکی ہے ۔ بھارت نے دریائے راوی پر ڈیم بناکر پاکستان کا پانی روک دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی اہمیت کے پیش نظر وزیراعظم نے یہ منصوبہ شروع کیا ہے اور ہر ہفتے دو مرتبہ خصوصی اجلاس منعقد کر کے اس پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیاجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دریائے راوی کے ساتھ ساتھ واقع سیلابی علاقے میں لاتعداد آبادیاں بن چکی ہیں ۔بھارت کی طرف سے کسی بھی موقع پر سیلاب کا پانی چھوڑنے سے ان آبادیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں دریا کے دونوں طرف28فٹ دیواریں تعمیر کی جائیں گی اور تین بیراج بنائے جائیں گے ۔ اس طرح یہاں پانی اکٹھا کرکے جھیل بنائی جائے گی اور پانی ضائع ہونے سے بچایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس جھیل کے قیام سے لاہور میں زیر زمین پانی کی سطح میں بہتری آئے گی ۔ اس کے علاوہ یہاں سات واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ 28فٹ اونچی دیواریں شہریوں کو سیلاب سے بھی بچائیں گی۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران کو راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا سرکاری ترجمان مقرر کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جار ی کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …