اگلے سال کے شروع میں بلدیاتی انتخابات ہونگے، عامرڈوگر

(میڈیا92نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ عمران خان پی ڈی ایم کے جلسوں سے خوفزدہ نہیں ہیں، گلگت بلتستان کے لوگوں نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کردیا ہے،حکومت کورونا ایس او پیزپر عملدرآمد کروانے کی پوری کوشش کررہی ہے، پی ٹی آئی نے کورونا کی وجہ سے اپنے جلسے بھی ملتوی کردیئے ہیں، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں مقامی حکومتوں کا مضبوط اور بااختیار نظام متعارف کروارہے ہیں ، کورونا سے نکل جائیں تو اگلے سال کے شروع میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میرسے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ اور پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ بھی شریک تھیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جلسے روکنے کیلئے وزیراعظم کا کورونا پر موقف تبدیل ہوگیا ہے، اگلے سال عام انتخابات کیلئے جدوجہد کررہے ہیں، بلدیاتی اداروں سے متعلق معاملات ایک بار طے کر کے آئینی تحفظ دیا جائے، آرمی چیف کی میزبانی میں ہونے والی میٹنگ میں اپوزیشن جماعتوں نے گلگت بلتستان کو صوبہ کا درجہ دینے پر اتفاق کیا تھا۔ناز بلوچ نے کہا کہ کورونا سے بدترین صورتحال کے باوجود امریکا میں انتخابات ہوئے، ایس او پیز پر عمل کرنا ہر شخص کی ذمہ داری ہے، ماسک نہ پہننے والا اپنے لئے ہی نہیں دوسروں کیلئے بھی خطرہ بن رہا ہے، حکومت کے حالات دیکھیں توا گلے سال عام انتخابات ہوتے نظر آرہے ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور عامر ڈوگر نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے پچھلے اجلاس میں نوید قمر اور راجا پرویز اشرف کورونا سے متاثر ہوئے تھے، حالیہ اجلاس میں شیخ روحیل اصغر کے علاوہ تمام ارکان نے ماسک پہنے ہوئے تھے، کورونا کے خوف کی وجہ سے ہمیں اجلاس جلد ختم کرنا پڑا۔ عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ حکومت ایس او پیزپر عملدرآمد کروانے کی پوری کوشش کررہی ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد میں عوام کا بہت بڑا کردار بنتا ہے، عمران خان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کو پوری دنیا نے تسلیم کیا، دوسری لہر میں کورونا کی نئی شکل سامنے آئی ہے جو بہت زیادہ مہلک ہے۔

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …