ملک کے مختلف علاقوں میں شدید اسموگ سے معمولات زندگی درہم برہم

لاہور(میڈیا پاکستان) ملک کے مختلف علاقوں میں شدید اسموگ نے معمولات زندگی کو درہم برہم کردیا ہے اور شہری مختلف امراض کا شکار ہورہے ہیں جبکہ دھند کے باعث حادثات میں 41 افراد زخمی ہوگئے۔پنجاب سمیت پاکستان کے مختلف اضلاع میں صبح کے وقت شدید دھند اور اسموگ نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی اور کام پر جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکپتن اور گردونواح میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوگئی جبکہ ساہیوال، عارف والا، بورے والا، فورٹ عباس، چیچہ وطنی، اوکاڑہ، ملتان بہالپور، دیپالپور، اور دیگر شہروں میں اسموگ کے باعث حد نگاہ میں واضح کمی ہوئی ہے۔
دھند کے باعث میانوالی میں اسکول وین اور مرغیوں سے بھرے ٹرک میں تصادم سے 10 طالبات زخمی ہوگئیں۔ کندھ کوٹ میں انڈس ہائی وے پر ٹرالر نے رکشہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 12 طلبہ زخمی ہوگئے جن میں سے 8 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ظفروال کے علاقے میں نجی کالج کی وین الٹ گئی جس کے باعث 12 طالبات زخمی ہوگئیں۔
اسموگ کی وجہ سے جی ٹی روڑ 6 والا پھاٹک کے قریب کار اور ٹرک کے تصادم میں 4 افراد زخمی ہوئے جبکہ جھنگ روڈ پردومختلف ٹریفک حادثات میں 3 افراد زخمی ہوئے، موٹروے پولیس نے عوام کو فوگ لائٹس کے استعمال کے ساتھ بلا ضرورت سفر کرنے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
پنجاب میں اسموگ کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز دھوپ نکلنے کے بعد حد نگاہ مکمل طور پر معمول پر آجائیگی تاہم پنجاب میں دھند کا سلسلہ اگلے کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا

 کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ …