لاہور (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال جو لاہور کے سروسز ہسپتال میں زیرعلاج ہیں دو روز میں گھر منتقل ہو جائیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور انہوں نے نرم غذا بھی لینا شروع کر دی۔وزیر داخلہ احسن اقبال کے صاحبزادے اور ضلع نارووال کے چئرمین احمد اقبال نے کہا ہے کہ ان کے والد تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں، میڈیکل بورڈ کی جانب سے انہیں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے ان کی اجازت کے بغیر ان سے کوئی ملاقات نہیں کرسکتا ‘ ہفتے کے روز انہیں آئسولیشن سے نکالنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا‘ قاتلانہ حملے کے بعد نارووال میں سوگ کا سماں ہے، اللہ کے شکر گزار ہیں کہ ان کی جان کی حفاظت کی۔ پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ سروسز ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کے علاج کےلئے سروسز ہسپتال کا انتخاب ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملے کی کارکردگی اور فنی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
