لاہور(میڈیا92نیوز رپورٹ) بلدیہ عظمیٰ لاہور کی جانب سے یونین کونسلوں کو پانچ پانچ لاکھ کی سٹریٹ لائٹس کی فراہمی مسلسل تاخیر کا شکار ہورہی ہے۔ بیشتریونین کونسلوں میں سٹریٹ لائٹس کی قلت کے باعث بلدیاتی نمائندے بدستورعوامی تنقید کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چھ ماہ قبل 14کروڑ روپے کے فنڈز سے شہر بھر میں سٹریٹ لائٹس لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن ساحال لائٹس کی فراہمی شروع نہیں کی جاسکی۔آغاز میں منصوبہ کاٹینڈرحکم امتناعی کی وجہ سے تاخیرکا شکارہوا۔ گزشتہ ماہ22مارچ کو بلدیہ عظمیٰ کے ممبران سے لارڈ میئر نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکم امتناعی ختم ہوچکا، اب جلدی سٹریٹ لائٹس کی فراہمی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ بلدیہ عظمی لاہور کی جانب سے 14مارچ کو ٹینڈرز طلب کیے گئے تھے اور 29مارچ کو ٹینڈرز کھولے گئے تاحال ایک ماہ گزرنے کے باوجود کسی بھی یونین کونسل کو لائٹس فراہم نہیں کی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیہ عظمی کی طرف سے نصف کے قریب یونین کونسلوں میں سٹریٹ لایٹس کی فراہی کے ٹینڈرز ہوچکے ہیں جس کے تحت آئندہ تین سے چارروز میں لائٹس کی سپلائی شروع ہونے کا امکان ہے۔ باقی یونین کونسلوں کےلئے دوبارہ ڈی جی پی آر کو بھجوائے گئے اشتہار کوشائع نہیں کیاجاسکا، ڈی جی پی آر نے بلدیہ عظمی کی جانب سے پرانے واجبات ادا نہ کرنے پر اشتہار روک لیا۔
