لاہور(میڈیا92نیوز )”پوسٹل ٹیکنالوجیزاور جدید دور“ کورس کے16غیر ملکی شرکاءکے وفد نے آج یہاں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی ،پنجاب کا دورہ کیا۔وفد کو بتایا گیا کہ2012ء میں ممتاز کمپیوٹر سائنسدان وموجد ڈاکٹر عمر سیف کی زیر نگرانی سائنس وٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے میدان میں اسکالر شپ اور جدیدیت کے فروغ کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی ،پنجاب کا قیام عمل میں لایا گیا۔انہیں فیکلٹی، اکیڈمیہ اور اس کے کام کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔وفد کو بتایا گیا کہ مستحق طلباءکیلئے 63فیصد جزوی یا مکمل سکالر شپ نے آئی ٹی یو کو عام آدمی کی یونیورسٹی بنا دیا ہے۔جس نے سات سو ملین تحقیقی امداد وصول کی ، دنیا کے مشہور جرنلز میں 465ریسرچ پیپرزشائع کئے گئے اور پلان 9کے تحت 160سٹارٹ اپس کے ذریعے70ملین یو ایس ڈالروصول ہوئے۔ڈائر یکٹر اکیڈمکس ،فرزانہ شاہدکا کہنا تھا کہ آئی ٹی یو کا مقصد ملازمت تلاش کرنے والے نہیں بلکہ ملازمین مہیا کرنے والے پیدا کرناہے۔وفد کو بتایا گیا کہ 2013سے 2017تک بی ایس الیکٹریکل انجینئرنگ،بی ایس کمپیوٹر سائنس اور ایم ایس کمپیوٹر سائنس کے بیچز گریجوایٹ ہو چکے ہیں۔کیمرون،برونڈی ،اردن ،گیمبیا،ایتھوپیا،لائبیریا،گینی،مراکش، ملاوی، مالدیپ، سوڈان، تھائی لینڈ، ترکی، یوگنڈا، سینیگال اور تنزانیہ کے شرکائ وفد میں شریک تھے۔
